’مائی کراچی‘ نمائش آج ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگی

افتتاح وزیراعلیٰ سندھ کریں گے، بی ٹو بی اور بزنس ٹو کنزیومر میٹنگز کا اہتمام

نمائش بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیومر میٹنگز کے حوالے سے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت 12ویں 3روزہ ''مائی کراچی'' نمائش جمعہ سے کراچی ایکسپو سینٹرمیں منعقد ہوگی جس میں ملکی وغیر ملکی نمائش کنندگان تقریباً 8لاکھ سے زائد افراد کے سامنے اپنی خدمات اور مصنوعات متعارف کرائیں گے، نمائش کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کریں گے۔

نمائش بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیومر میٹنگز کے حوالے سے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی اور ساتھ ہی کراچی کے عوام کو تفریحی سہولتیں بھی میسر آئیں گی۔ بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے کہا کہ سال2004میں مغربی میڈیاکی جانب سے کراچی کے بارے میں بڑھتے ہوئے منفی پروپیگنڈوں کا مقابلہ کرنے کی غرض سے مائی کراچی کے عنوان سے نمائش شروع کی گئی تاکہ اس نمائش کے توسط سے کراچی کے مثبت امیج کو اجاگر کیا جاسکے، کراچی چیمبر نو لاس نو پرافٹ کی بنیاد پراس نمائش کو منعقد کر رہا ہے جس کا مقصد عالمی سطح پرکراچی کا سافٹ امیج اجاگر کرنااور ''میڈان پاکستان'' مصنوعات کو فروغ دینا ہے، نمائش کو کامیاب بنانے میں سندھ حکومت ،گورنر سندھ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا مکمل تعاون حاصل ہے۔


کراچی چیمبرآف کامرس کے صدر افتخار احمد وہرہ نے کہا کہ''مائی کراچی'' 2015 نمائش پاکستان بالخصوص کراچی میں دستیاب حقیقی تجارتی مواقع کو اجاگر کرنے کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہو گی جو روایتی ثقافت، قدرتی حسن اور تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ '' مائی کراچی'' نمائش تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہے، نمائش میں بین الاقوامی پویلین بھی رکھا گیا ہے جس میں ڈپلومیٹک پویلین بھی مخصوص کیا گیا ہے جہاں کراچی میں قائم مختلف قونصلیٹس کو اعزازی طور پر اسٹالز بھی دیے گئے ہیں۔

کے سی سی آئی کے صدر نے سندھ حکومت اور ٹی ڈی اے پی کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سال بھی نمائش کو کامیاب بنانے اورمطلوبہ مقاصد کے حصول کے لیے ان کا تعاون جاری رہے گا۔ کے سی سی آئی کی''مائی کراچی'' نمائش کی خصوصی کمیٹی کے چیئرمین محمد ادریس نے نمائش میں دستیاب تفریحی سہولتوں اور مختلف انتظامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نمائش میں اس سال ایکسپو سینٹر کے تمام ہالز میں 300سے زائد اسٹالز قائم کیے گئے ہیں جہاں پاکستانی مصنوعات اور خدمات کی تشہیر کی جائے گی اور اس امر کی کوشش کی جارہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں مقامی و غیر ملکی افراد نمائش کا دورہ کریں جس کا مقصد کراچی کا مثبت امیج اجاگر کرنا ہے کیونکہ کراچی پاکستان کا معاشی و اقتصادی مرکز ہے، انہوں نے بتایا کہ 12ویں ''مائی کراچی'' 2015 نمائش میں انڈونیشیا، ترکی، سوئٹزرلینڈ، ویتنام، جاپان، ماریشس، یوکرین، سری لنکا، فلپائن اور رومانیہ کے نمائندے شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ نمائش میں پہلی بارلان فیبرک کا پویلین قائم کیا گیاہے جس میں پاکستان کے معروف برانڈز اپنی لان مصنوعات متعارف کرائیں گے جبکہ معروف ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات کی نمائش کے لیے فیشن شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا جو اس خاص مصنوعات کی مختلف ممالک میں برآمدات کے حوالے سے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
Load Next Story