جوڈیشل کمیشن جب بھی بلائے گا گواہی دینے کیلئے تیار ہوں نجم سیٹھی

عمران خان نے 35 پنکچر کے نام سے جھوٹی کہانی گڑھ کر مجھے بدنام کیا، سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب

جوڈیشل کمیشن عمران کی جانب سے مجھ پر لگائے گئے الزامات کو ایجنڈے میں سب سے پہلے رکھے، نجم سیٹھی۔ فوٹو: فائل

سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے2013 کے عام انتخابات کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ الیکشن شفاف بنانے کے لئے ایس ایچ او سے آئی جی اور پٹواری سے چیف سیکرٹری تک کو تبدیل کیا۔


نجم سیٹھی نے انتخابات کی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ 2013 کے انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے مسلم لیگ (ن) کے قریبی ایک درجن سے زائد سینئر بیوروکریٹس کو اسلام آبادبھیجا، ایس ایچ او سے آئی جی اور پٹواری سے چیف سیکرٹری تک کو تبدیل کیا۔

سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انتخابات کے دن تک کسی جماعت نے میرے ایک بھی اقدام پر شکایت نہیں کی تھی لیکن انتخابات کے بعدعمران خان نے 35 پنکچر کے نام سے جھوٹی کہانی گڑھ کر مجھے بدنام کیا، میں نے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کیا مگر وہ عدالت میں پیشی سے انکاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن عمران کی جانب سے مجھ پر لگائے گئے الزامات کو ایجنڈے میں سب سے پہلے رکھے، کمیشن جب بھی بلائے میں گواہی دینے کے لئے تیار ہوں۔
Load Next Story