عوام جسے چاہیں منتخب کریں ہم ان کے مینڈیٹ کوتسلیم کریں گے الطاف حسین

اگرکسی بھی سیاسی یامذہبی جماعت کاکوئی رہنماعلاقے میں دورہ کرے تواس کے خلاف نعرے بازی نہ کی جائے،قائدایم کیوایم


ویب ڈیسک April 10, 2015
عوام ایسا کوئی عمل نہ کریں جس سے انتخابی ماحول خراب ہو،الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ این اے 246 کے عوام جسے چاہیں منتخب کریں ان کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں گے۔

ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپررابطہ کمیٹی، سینٹرل ایگزیکٹوکونسل اور دیگر تنظیمی شعبہ جات اور سیکٹرز کے ذمہ داران سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے پارٹی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ تحریک انصاف کے رہنماؤں سے بات کرکے دونوں جماعتوں کے ارکان پرمشتمل کمیٹی تشکیل دیں تاکہ ایسا طریقہ کار وضع کرلیا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو جب کہ تحریک انصاف اگر جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے ان کا خیرمقدم کریں گے اور عوام ایسا کوئی عمل نہ کریں جس سے انتخابی ماحول خراب ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت کا کوئی رہنما علاقے میں دورہ کرے تواس کے خلاف نعرے بازی نہ کی جائے، ایم کیو ایم جمہوری اندازمیں الیکشن لڑے اورعوام جسے چاہیں ووٹ دیں ہم عوام کے ووٹ کوتسلیم کریں گے۔

قائد ایم کیو ایم نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے چاہے تحریک انصاف کے ہوں یاجماعت اسلامی کے، وہ جناح گراؤنڈ آئیں یا کسی اور گراؤنڈ یا علاقے میں کارکنان ان کے خلاف نعرے بازی نہ کریں بلکہ ان کا خیرمقدم کریں کیوں کہ وہ ایم کیو ایم کے مہمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن پریقین رکھتے ہیں اورہرقسم کے تشدد کے خلاف ہیں اس لئے کارکن انتخابی مہم کے دوران جلسے، جلوس ،ریلی، کارنرمیٹنگ کریں لیکن کسی بھی مخالف امیدوارکے پوسٹریاتصویرنہ پھاڑیں اور اگرکوئی آپ کا پوسٹر پھاڑتا ہے تواسے کرنے دیں جواباً ایسا عمل نہ کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں