کراچی میں جماعت اسلامی کی انتخابی ریلی پر نامعلوم افراد کا حملہ

ریلی پر حملہ ایم کیو ایم کی جانب سے کیا گیا جس کے نتیجے میں 7 کارکن زخمی ہوئے،جماعت اسلامی کا الزام

جماعت اسلامی کی ریلی میں شامل کارکنوں نے ایم کیو ایم کے کیمپ پر حملہ کیا،کنور نوید جمیل۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لیاقت آباد میں نامعلوم افراد ڈنڈا بردار افراد نے جماعت اسلامی کی ریلی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد کارکن زخمی اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاقت آباد الاعظم اسکوائر کے قریب نامعلوم ڈنڈا بردار افراد نے جماعت اسلامی کی ریلی پر حملہ کردیا جب کہ تصادم کے نتیجے میں متعدد کارکن زخمی اور کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، کشیدہ حالات کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس کے بعد ڈنڈا بردار افراد موقع سے فرار ہوگئے۔


جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریلی پر حملہ ایم کیو ایم کی جانب سے کیا گیا جس کے نتیجے میں 7 کارکن زخمی ہوئے اوراس حملے کو این اے 246 سے جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم پر حملہ تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملے سے خوفزدہ ہونے والے نہیں آج حلقے میں ریلی اور کل جلسہ کریں گے جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی ریلی میں شامل کارکنوں نے ایم کیو ایم کے کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ہمارے کارکن زخمی ہوئے جب کہ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Load Next Story