چیری کھائیں‘ جوڑوں کا درد بھگائیں

ماہرین کے نزدیک معمول کی ادویات کے ساتھ چیری کے استعمال سے ادویات کی افادیت بڑھ جاتی ہے، تحقیق

چیریز۔ فوٹو: فائل

امریکہ میں بوسٹن یونیورسٹی کی طرف سے کی جانے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق دو دن کے وقفے کے بعد چیری کھانے یا اس کا جوس پینے سے جوڑوں کے درد کا خطرہ 35 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں 83 لاکھ افراد جوڑوں کے درد میں مبتلا ہیں۔ اس میں یورک ایسڈ کی قلمیں جوڑوں میںبن جاتی ہیں جس کی وجہ سے شدید درد اور سوجن ہو جاتی ہے۔ اس کا مختلف طریقوں سے علاج کیا جاتا ہے لیکن ایک دفعہ ختم ہونے کے بعد یہ درد دوبارہ نمودار ہو جاتا ہے۔ اس لئے ماہرین طب اور اس مرض میں مبتلا لوگ متبادل طریقہ علاج کی تلاش میں رہتے ہیں۔

چیری کو یورک ایسڈ اور سوجن کم کرنے والی خاصیات کا حاصل مانا جاتا ہے لیکن اس سے پہلے کوئی ایسی باضابطہ تحقیق موجود نہیں تھی کہ کیا ان کے استعمال سے جوڑوں کے درد کا خطرہ کم ہو سکتا ہے یا نہیں۔
اس تحقیق کے لئے ماہرین نے جوڑوں کے درد میں مبتلا 633 افراد کا انتخاب کیا اور ایک سال تک ان کے معمولات پر نظر رکھی۔ انہوں نے جوڑوں کے درد کا آغاز' علامات اور علاج کے متعلق سوالوں کے جواب دیئے اور یہ بھی بتایا کہ کیا انہوں نے چیری یا اس کا جوس استعمال کیا اور کتنی مدت تک اس کا استعمال کیا۔


ماہرین نے ایک دفعہ چیری کے استعمال کو 10 سے 12چیریز کھانے یا آدھے کپ چیری کے جوس کو پینے کے مترادف قرار دیا۔ مریضوں کے جوابات کا تجزیہ کرتے ہوئے انہوں نے دریافت کیا کہ چیری کا استعمال کرنے والے مریضوں میں سے 35 فیصد نے تازہ چیری کھائی جبکہ 2 فیصدنے اس کا جوس پیا جبکہ 5 فیصد نے دونوں (چیری اور چیری کا مشروب) استعمال کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے ایک سال کے دورانیے میں 1247 جوڑوں کے درد کے ایسے کیسز بھی درج کئے جن میں 192 مریضوں کے پائوں کے انگوٹھے کے جوڑ میں درد پایا گیا۔

انہوں نے چیری کے استعمال کا جوڑوں میں درد کے واقعات سے موازنہ کیا تویہ پتا چلایا کہ ایسے مریض جنہوں نے دو دن چیری کھائی' ان میں جوڑوں کے درد کے حملے کا خطرہ' ان مریضوں کی نسبت جنہوں نے چیری نہیں کھائی کے مقابلے میں 35 فیصد کم تھا۔ ماہرین کا کہناہے کہ جوڑوں کے درد کا خطرہ چیری کے زیادہ استعمال (دو دن میں تین دفعہ استعمال کرنا) سے کم ہو جاتا ہے لیکن اس سے زیادہ مقدار میں چیری کے استعمال سے کوئی اضافی فائدہ نہیں ملتا۔ اگرچہ یہ اعداد وشمار کافی تسلی بخش ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ جوڑوں کے درد میں مبتلا مریضوں کو اس کے استعمال کے ساتھ اپنا معمول کا علاج بھی جاری رکھنا چاہئے اور اسے ترک نہیں کرنا چاہئے۔

ماہرین کے نزدیک معمول کی ادویات کے ساتھ چیری کے استعمال سے ادویات کی افادیت بڑھ جاتی ہے کیونکہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ مرکبات انزائمز کو روکنے کا قدرتی ذریعہ ہو سکتے ہیں جو کہ دوسری سوجن روکنے والی ادویات سے روکے جاتے ہیں۔
Load Next Story