بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماقمرالزماں کو پھانسی دے دی گئی

بنگلادیش میں داخلی صورتحال کامحتاط جائزہ لے رہےہیں اوراس معاملے پربین الاقوامی تاثرات سے بھی باخبرہیں،ترجمان دفترخارجہ

بنگلہ دیشی حکومت نے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما قمرالزماں کو پھانسی دے دی، فوٹو فائل

رحم کی اپیل کی حکومتی پیش کش سے انکار کے بعد بنگلہ دیشی حکومت نے 1971 کی جنگ میں پاکستان کی تقسیم کے مخالف جماعت اسلامی کے رہنما محمد قمرالزماں کو پھانسی دے دی ہے۔


غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیشی جیل اور انصاف کے وزیرانیس الحق نے پھانسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد قمرالزمان کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما قمرالزماں پر 1971 کی جنگ میں لوگوں کو قتل، اغوا اور تشدد کرنے کے الزامات میں پھانسی دی گئی ہے جب کہ پھانسی سے چند گھنٹے قبل ان کی ملاقات خاندان کے افراد کے ساتھ سخت سیکیورٹی میں کرائی گئی جس کے بعد انہیں پھانسی دے دی گئی جب کہ ان کے بیٹے حسن اقبال کا کہنا تھا کہ ان کے والد کے چہرے پرپریشانی نہیں تھی بلکہ وہ بہت پرسکون نظرآرہے تھے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جماعت اسلامی کے رہنما کی پھانسی کا نوٹس لیا ہے جب کہ بنگلادیش میں داخلی صورتحال کا محتاط جائزہ لے رہے ہیں اور اس معاملے پربین الاقوامی تاثرات سے بھی باخبرہیں۔ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی پھانسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے مقدمات کی سماعت عالمی معیاراورانصاف کے تقاضوں کے مطابق نہیں اور اس کے لیے بنائی گئی عدالتیں بھی انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کررہی ہیں۔
Load Next Story