امپائر اسکینڈل آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ حرکت میں آگیا

انڈیا ٹی وی سے اسٹنگ آپریشن کی غیرایڈٹ شدہ ویڈیوز طلب کرلیں، کونسل کا پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کوبھی اپنے۔۔۔


Sports Desk October 10, 2012
کولمبو میں ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں معاملہ چھایا رہا، سری لنکن اور بنگلہ دیشی امپائرز نے خود کو معصوم قرار دیتے ہوئے تنازع کو بھارتی سازش قرار دے دیا۔ فوٹو: فائل

امپائرز کرپشن اسکینڈل سامنے آنے پر آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ حرکت میں آگیا۔

انڈیا ٹی وی سے اسٹنگ آپریشن کی غیرایڈٹ شدہ ویڈیوز طلب کرلیں، آئی سی سی نے پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو بھی اپنے امپائرز کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا، کولمبو میں جاری ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں یہ معاملہ چھایا رہا۔

بھارتی ٹی وی کے چیئرمین رجت شرما کا کہنا ہے کہ ہم ہر قسم کی انکوائری میں مدد دینے کیلیے تیار ہیں، امپائرز کا جرم پر راضی ہونا کھیل کیلیے بدقسمتی کی بات ہے۔ ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ نے معاملے سے اپنا دامن صاف چھڑا لیا، بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہاکہ ہمارا کوئی آفیشل اس میں ملوث نہیں، تحقیقات کرنا آئی سی سی کا کام ہے وہی اس بارے میں مناسب کارروائی کرسکتی ہے۔

دوسری جانب سری لنکن اور بنگلہ دیشی امپائرز نے خود کو معصوم قرار دیتے ہوئے اسکینڈل کو بھارتی سازش قرار دیا ہے، گامنی دیسا نائیکے نے کہاکہ یہ پوری سری لنکن امپائرز برادری پر بیرونی حملہ ہے، بنگلہ دیش کے نادر شاہ نے کہاکہ اگر میں میچ فکسنگ کرتا تو ایک دن آئی سی سی کے ہاتھوں ضرور پکڑا جاتا۔ تفصیلات کے مطابق نجی چینل'انڈیا ٹی وی ' کے اسٹنگ آپریشن نے ان دنوں دنیائے کرکٹ میںکھلبلی مچائی ہوئی ہے، ایک طرف الزامات کی زد میں آنے والے امپائرز صفائیاں دے رہے تو دوسری جانب آئی سی سی نے بھی کھیل کی شفافیت پر ہونے والے ایک اورحملے کے بعد تحقیقات کا کھیل کھیلنا شروع کردیا ہے۔

اسکا اینٹی کرپشن یونٹ امپائرز کرپشن اسکینڈل سامنے آنے کے بعد حرکت میں آچکا،گذشتہ روز آفیشل ایم ایس ورک نے انڈیا ٹی وی سے رابطہ کر کے اسٹنگ آپریشن کی غیر ایڈٹ شدہ ویڈیوز فراہم کرنے کو کہا۔ کولمبو میں منگل سے آئی سی سی کے ایگزیکٹیو بورڈ کا دوروزہ اجلاس شروع ہوا،اس میں بھی یہ معاملہ چھایا رہا، ذرائع کا کہنا ہے کہ کونسل نے خاص طور پر پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو اپنے امپائرز کے خلاف فوری تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔

انڈیا ٹی وی کو اپنے صحافیوں کے کام پر پورا اعتماد اور اس نے انکوائری میں پوری طرح تعاون کرنے کی پیشکش کی ہے، چینل کے چیئرمین اور ایڈیٹر انچیف رجت شرما نے کہا کہ اگر اسٹنگ آپریشن کی ویڈیو ٹیپ کے درست ہونے سے متعلق کچھ شبہات ہیں تو ہم کسی بھی انکوائری یا پبلک اسکروٹنی کیلیے تیار ہیں، انھوں نے کہا کہ امپائرز کی جانب سے خود ہی جرم میں ملوث ہونے کی خواہش ظاہر کرنا کرکٹ کیلیے بدقسمتی کی بات ہے۔

جہاں ایک طرف بھارت کے ایک ٹی وی چینل نے عالمی کرکٹ کو اپنے اسٹنگ آپریشن سے ہلانے کی کوشش کی وہیں بھارتی کرکٹ بورڈ کا اطمینان قابل دید ہے، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس اسکینڈل میں ان کے ملک کے کسی امپائر کا دور دور تک کوئی ذکر نہیں،اس لیے وہ سارے معاملے سے خود کو الگ تھلگ رکھے ہوئے ہے۔ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہاکہ انٹرنیشنل امپائرز پر کرپشن اور فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کرنا آئی سی سی کا کام ہے اور وہ اس حوالے سے مناسب کارروائی کرے گی، میں نہیں سمجھتا کہ اس معاملے میں بی سی سی آئی کو کچھ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ اس میں ہمارا کوئی امپائر ملوث نہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا کام کھیل کوصاف رکھنا ہے اگر ہمارے سسٹم میں کوئی ایسی چیز سامنے آئی تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔دریں اثنا سری لنکا کے امپائر گامنی دیسانائیکے کا کہنا ہے کہ میں تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں، یہ پوری سری لنکن امپائرز برادری پر ایک بیرونی حملہ ہے، میں پہلے ہی کرکٹ بورڈ کو لکھ چکاکہ خود کو بے گناہ ثابت کرنے کیلیے کسی بھی انکوائری کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہوں، انڈیا ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گامنی نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ سری لنکن بورڈ آفیشلز کو شراب پلاکر کسی بھی کام پر راضی کرسکتے ہیں،ان کے ساتھی امپائرز ساگارا گالگے اور ونسٹن نے 50 ہزار روپے کے عوض ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ مقابلوں کی معلومات فراہم کی تھیں۔ بنگلہ دیش کے نادر شاہ نے کہا کہ اگر میں میچ فکسڈ کرتا تو ایک نہ ایک دن آئی سی سی کے ہاتھوں پکڑاجاتا،کوئی بھی امپائر فکسنگ نہیں کرتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں