بالی ووڈ پرستار یوں بھی کرتے ہیں

بولی وڈ اسٹارز سے ان کے چاہنے والوں کی محبت کے دل چسپ انداز

اگر مداح ہی نہ ہوں تو شاید کوئی بھی اسٹار ایک دن سے زیادہ نہ چل سکے۔فوٹو : فائل

MADRID:
فلمی دنیا کی چکاچوند سے تعلق رکھنے والے اسٹارز کی زندگی میں لائٹ، کیمرے اور ایکشن کے علاوہ بھی کئی چیزیں ہوتی ہیں، جن میں سرفہرست ان کے پرستار یا فینز ہوتے ہیں۔ عام خیال یہ پایا جاتا ہے کہ اگر مداح ہی نہ ہوں تو شاید کوئی بھی اسٹار ایک دن سے زیادہ نہ چل سکے۔

اسٹار تعریف کے بھوکے ہوتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ جو کچھ وہ کر رہے ہیں اس کی ہر جگہ تعریف کی جائے اور ایسا صرف ان کے پرستار ہی کر سکتے ہیں۔ بہت سے اداکار اپنی فلمی مصروفیات سے وقت نکال کر کچھ وقت اپنے فینز کے ساتھ بھی گزارتے ہیں، جس سے انہیں بھی تقویت ملتی ہے۔ ان کے مداح ان سے آٹوگراف لیتے ہیں، ان کے ساتھ تصاویر بنواتے ہیں اور پھر ایک آدھ بار ملاقات کے لیے اصرار کرتے ہیں۔

بولی وڈ کے کئی اسٹارز ایسے ہیں جن کے چاہنے والوں کی تعداد تقریباً پوری دنیا میں ہے۔ سلمان خان ان میں سرفہرست ہیں لیکن مداحوں کے ساتھ اچھا رویہ رکھنے کے باوجود یہ اسٹارز اپنے فینز سے مس بی ہیو بھی کرجاتے ہیں۔ تاہم ایسا وہ اپنی خوشی سے نہیں کرتے جو مداح انہیں زیادہ تنگ یا پریشان کرتا ہے، ایسا اسی کے ساتھ ہوتا ہے۔ بولی اسٹارز کے کچھ پرستاروں نے اپنی پسندیدہ سیلیبرٹیز سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے کیا کچھ انوکھا اور منفرد کیا، اس مضمون میں پڑھیے۔

٭سلمان خان: اس میں کوئی شک نہیں کہ سلمان کے پرستاروں کی تعداد نہ صرف انڈیا بلکہ بیرون ملک بھی بہت سے دوسرے اسٹارز سے کئی گنا زیادہ ہے۔ ان کے چاہنے والے ان کی فلموں کی ریلیز کا بڑی بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔ ان کے بہت سے فین ان سے ملنا بھی چاہتے ہیں کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنی پسندیدگی کو صرف اسکرین کی حد تک ہی رکھتے ہیں۔

سلمان کے چاہنے والوں میں یوں تو ہر طبقہ ہائے زندگی کے لوگ شامل ہیں، لیکن ان میں نوجوان لڑکیوں کے ساتھ ساتھ رکشہ ڈرائیوروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ پورے انڈیا میں تقریباً تمام رکشہ ڈرائیور بالخصوص ممبئی میں 97فی صد رکشہ چلانے والے سلمان کے پرستار ہیں۔ ان تمام رکشہ والوں نے اپنے اپنے رکشہ کے پچھلے حصہ پر سلمان کی مختلف تصاویر لگا رکھی ہیں اور ہر روز ایک مقررہ وقت پر سلمان کے گھر کے باہر ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے قطار بناکر کھڑے رہتے ہیں۔

نہ صرف یہ بل کہ یہ رکشہ ڈرائیور اپنے ان تمام سواروں کو ڈسکاؤنٹ دیتے ہیں جو ان کی طرح سلمان کے مداح ہوتے ہیں۔ لیکن یہ اسٹارز کبھی کبھار اپنے پرستاروں سے مس بی ہیو بھی کر جاتے ہیں اور سب ہی جانتے ہیں کہ سلمان دل کے جتنے اچھے ہیں اتنے ہی ان کی برداشت کی حد کم ہے وہ بہت جلدی غصے میں آجاتے ہیں۔

سلمان خان کے ایک مداح نے جب ان سے بار بار فرمائش کی کہ وہ ان کے ساتھ موبائل سے ایک تصویر بنانا چاہتا ہے، تو سلمان نے غصے میں آکر اس پرستار کا فون لے کر سڑک پر پھینک دیا، جس سے وہ لڑکا بہت دل برداشتہ ہوا۔ اسی طرح ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک بیس سالہ لڑکا جو سلمان کو اتنے قریب سے دیکھ کر خوشی سے پاگل ہی ہوچکا تھا جب اس نے سلمان سے گلے ملنے اور ہاتھ ملنے کی درخواست بار بار کی تب سلمان نے اسے غصے میں ایک تھپڑ مار دیا تھا۔

٭شاہ رخ خان: بولی وڈ کنگ خان اپنی کام یابی اور شہرت کا ذمہ دار اپنے چاہنے والوں کو قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آج وہ جس مقام پر ہیں وہ صرف اور صرف اپنے پرستاروں کی وجہ ہی سے ہیں اسی لیے وہ ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔ شاہ رخ نے اپنے ہر ملنے والے فین کو کبھی مایوس نہیں کیا اور جب بھی کسی مقام پر اپنے پرستاروں سے ملتے ہیں تو بالکل ویسا ہی جوش وجذبہ کا مظاہرہ کرتے ہیں جیسے ان کے فینز ان کو دیکھ کرتے ہیں۔

ممبئی سے تعلق رکھنے والے شاہ رخ کے ایک بڑے چاہنے والے وشال سنگھ نے کنگ خان کی کم و بیش 22,000تصاویر جمع کر رکھی ہیں اور یہ تمام تصاویر اس نے اپنے پورے گھر کی ہر دیوار پر لگا رکھی ہیں۔ شاہ رخ نے اپنے اس انوکھے چاہنے والے سے خصوصی طور پر ملاقات بھی کی تھی اور اس کی پسندیدگی پر شکریہ بھی کہا تھا۔

٭عامر خان: بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کے مداحوں کی تعداد بھی کسی سے کم نہیں ہے بلکہ اکثر اوقات تو ان تینوں خانز کے پرستاروں میں ہر ایک کو دوسرے پر فوقیت دینے کے لیے بحث و مباحثے سے لے کر جھگڑے بھی ہونے لگتے ہیں۔ عامرخان کے چاہنے والوں کو ان سے ایک ہی شکایت ہے کہ وہ سال میں صرف ایک ہی فلم کیوں کرتے ہیں۔

یوں تو بہت سے پرستار اپنے پسندیدہ اسٹارز کے لیے کچھ نہ کچھ انوکھا یا منفرد ضرور کرتے ہیں، جس سے ان کی پیار کے ساتھ عقیدت کا بھی اظہار ہوسکے۔ انڈیا کے ایک علاقے رانچی کے شہری کشور کمار جو خود کو عامرخان کا سب سے بڑا فین کہتے ہیں۔

انہوں نے عامر سے ملنے کے لیے ان کی محبت میں رانچی سے ممبئی تک کا سفر سائیکل پر کیا عامر نے ان سے خاص طور پر ملاقات کی کشور کمار نے عامر کو وہ تمام لوگوں کے خطوط دکھائے جو انہیں راستے میں ملتے چلے گئے اور ان تمام خطوط میں عامر سے ایک ہی درخواست کی گئی تھی کہ وہ ان سے آکر ملیں نہ صرف ملیں بلکہ ان کے مسائل بھی حل کریں۔

٭امیتابھ بچن: بگ بی کے چاہنے والے شاید پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں فلم انڈسٹری میں ایک لمبا عرصہ گزار لینے کے باوجود ان کے مداحوں کی تعداد میں کمی نہیں آئی ہے، بل کہ اس میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ آج کی نوجوان نسل بھی ان کی فین ہے۔

ان کے چاہنے والے بھی ان کے لیے اکثر و بیشتر کچھ نہ کچھ انوکھا ضرور کرتے رہے ہیں لیکن یہ جان کر شاید امیتابھ بچن کو بھی حیرت ہوگی کہ ان کے چاہنے والوں نے مہاراشٹر کے ایک علاقے میں ان کے نام کا ایک مندر بنا رکھا ہے اور اس مندر میں امیتابھ کے وہ جوتے جو انہوں نے فلم اگنی پتھ میں پہنے تھے اور وہ فلم عکس میں استعمال کی گئی ان کیthroneیعنی بادشاہ کی کرسی، ان دونوں چیزوں کی روزانہ پوجا کی جاتی ہے اور ان کے نام پر ایک مقدس منتر بھی جے شری امیتابھ کے نام سے بنا رکھا ہے، جو صبح و شام بھجن کے طور پر گایا جاتا ہے ۔

٭رجنی کانت: ساؤتھ کے سپراسٹار اداکار رجنی کانت جنہوں نے ہندی فلموں میں کام کرکے بھی خوب نام کمایا، یوں تو ان کے چاہنے والے بھی کم نہیں لیکن ساؤتھ انڈیا کے لوگ انہیں خدا کی طرح مانتے ہیں روز ان کے نام کی پوجا کی جاتی ہے، دیے جلائے جاتے ہیں، ان کی برتھ ڈے پر ان کے چاہنے والے ان کی تصاویر کو دودھ سے دھوتے ہیں اور ان کی فلموں کی کام یابی کے لیے خصوصی پوجا کا اہتمام کیا جاتا ہے۔


رجنی کانت کے مداح صرف انڈیا ہی میں نہیں بل کہ ان کے پرستاروں کی ایک بڑی تعداد امریکا اور جاپان میں رہتی ہے۔ وہاں پر بھی ان کے چاہنے والے اسی قسم کے کارنامے انجام دیتے رہتے ہیں۔

٭عمران خان: عامر خان کے بھانجے جنہیں فلم انڈسٹری کا چاکلیٹ ہیرو بھی کہا جاتا ہے، ا بھی تک سوائے اپنی ڈیبیو فلم جانے تو یا جانے نہ کے بعد کسی فلم میں کام یابی حاصل نہ کر پائے۔

اس کے باوجود ان کے پرستاروں کی تعداد بہت زیادہ ہے، جن میں اکثریت لڑکیوں کی ہے ، جو عمران سے ملنے اکثر و بیشتر ان کے گھر کے باہر کھڑی پائی جاتی ہیں۔ عمران ان سب کا بے حد احترام کرتے ہیں لیکن ایک بار ان کی ایک پرستار نے انہیں بے حد شرمندہ کیا۔ ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے جب عمران دبئی ایئرپورٹ پر اترے تو ان کی پرستار ان کا آٹوگراف لینے ان کے پاس آئی اور ان سے بڑی گرم جوشی سے ہاتھ ملایا۔ اس کے بعد اگلے کئی منٹ تک وہ عمران کا ہاتھ اپنے ہاتھ لیے ہلاتی رہی۔

عمران نے بہت کوشش کی کہ کسی نہ کسی طرح وہ اس لڑکی سے اپنے ہاتھ چھڑا لیں لیکن وہ کسی طور انہیں چھوڑنے کو تیار نہیں تھی۔ تب عمران کے گارڈ نے اس لڑکی کا ہاتھ زور سے کھینچا اور چھڑالیا۔ عمران نے بعد میں اس کی وضاحت بھی کی کہ وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن مجبور ی کی وجہ سے انہیں گارڈ کا سہارا لینا پڑا۔

٭دیپکا پاڈوکون: بولی وڈ کی نمبر ون اداکارہ دیپکا پاڈوکون جنہیں ان دنوں سب سے منہگی اداکارہ بھی تصور کیا جارہا ہے۔ ان کے چاہنے والوں کی تعداد می دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ایسا ا س لیے ہے کہ بہت تھوڑے عرصے میں دیپکا نے خود کو ایک بہترین اداکارہ ثابت کیا، اب بولی وڈ کے ہر فلم میکر کی خواہش ہے کہ وہ اپنی فلم میں انہیں کاسٹ کرے۔

دیپکا کے چاہنے ولے بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ ان کے ایک انیس سالہ فین موہت جین نے دیپکا کے کی ایک ویب سائٹ خصوصی طور پر بنائی ہے اور یہ ویب سائٹس اس نے دیپکا کو گفٹ کی ہے ساٗئٹ کا نام iamdeepikapadukone.com ہے۔

اس ویب سائٹ میں دیپکا کی بچپن کی تصاویر، ان کی بائیو گرافی، تعلیم غرض کہ دیپکا کے بارے میں تمام قسم کی انفارمیشن اس ویب سائٹ میں مل سکتی ہے۔ یہ موہت کی دیپکا سے اپنی پسندیدگی اور پیار کا اظہار ہے۔ خود دیپکا کو بھی جب اس بارے میں پتا چلا تو انہوں نے موہت کا دلی طور پر شکریہ ادا کیا۔

٭شاہد کپور: فلموں کے ایک اور چاکلیٹی ہیرو شاہد کپور کے پرستاروں میں لڑکیوں کی تعداد زیادہ ہے، مگر ان کے چاہنے والوں میں لڑکے بھی کم نہیں۔ شاہد اپنے تمام چاہنے والوں کو بہت عزت دیتے اور ان سے بہت پیار اور احترام سے پیش آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج تک ان کے کسی غلط رویے کی شکایت نہیں ملی ہے۔

شاہد کی آخری ریلیز ہونے والی فلم حیدر کو دیکھ کر ان کا ایک پرستار یورپ کے سب سے اونچی پہاڑی چوٹی البرس کے بیس مقام تک پہنچ گیا۔ یہ چوٹی سطح سمندر سے18,510فٹ بلند ہے۔ شاہد کے اس فین نے وہاں فلم حیدر کا جھنڈا لہرایا۔ یہ بھی ایک چاہنے والے کا انوکھا انداز ہے۔

٭ادیتہ رائے کپور: بولی وڈ کے اس اداکار نے بہت کم عرصے میں فلموں میں اپنی پہچان بنائی ہے۔ ادیتہ کے پرستاروں میں لڑکیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ ایک بار وہ کسی فلم کی شوٹنگ کے لیے کشمیر میں تھے۔

وہاں جس ہوٹل میں وہ ٹھیرے ہوئے تھے وہاں انہیں ایک لڑکی کے خطوط ملتے رہے جو کہ اس پرستار لڑکی نے اپنے خون سے لکھے تھے اور اس میں اس بات کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا کہ وہ ادیتہ سے شادی کرنا چاہتی ہے۔ اگر ادیتہ کا جواب ہاں میں تو وہ اس ملنے ہوٹل آسکتی ہے۔

٭شردھا کپور: بولی وڈ کی اس اداکارہ نے نہ صرف خود کو ایک اچھی ہیروئن ثابت کیا ہے بل کہ گائیکی کے میدان میں بھی اس نے دھوم مچادی ہے۔ اس کا گایا ہوا گانا تیری گلیاں نے اسے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

شردھا کے پرستار بھی اس کے لیے کچھ نہ کچھ انوکھا کرتے رہتے ہیں، لیکن ان سب میں دل چسپ بات یہ ہوئی کہ دس سے پندرہ سال کے تین لڑکے جو کہ خود کو شردھا کاسب سے بڑا فین مانتے ہیں، ایک روز اسکول سے چھٹی کر کے شردھا کے گھر پہنچ گئے اور وہاں موجود گارڈ کو بے وقوف بناکر گھر کے اندر لابی میں بیٹھ کر شردھا کا انتظار کرنے لگے۔ شردھا شوٹنگ ختم کرکے رات تین بجے گھر پہنچی تو وہ تینوں لڑکے باہر اس کے انتظار میں موجود تھے۔ شردھا نے ان کی محبت کا شکریہ ادا کیا۔

٭ارجن کپور: بونی کپور کے ہونہار بیٹے نے بولی وڈ میں بہت جلد اپنا مقام بنالیا ہے، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ارجن اپنے کام یا پروفیشن سے دیوانہ وار محبت کرتا ہے۔ اس لیے اپنی ہر فلم کے لیے وہ بہت زیادہ پُرجوش ہوتا ہے۔ ارجن کے پرستار اس سے بہت پیار کرتے ہیں اور جواب میں ارجن بھی انہیں ویسا ہی پیار دیتا ہے۔

اس کی ایک مثال اس واقعے سے بھی ملتی ہے جب اس کا فین دیپک دہلی سے ممبئی اپنے برتھ ڈے والے دن صرف یہ خواہش دل میں لے کر نکلا کہ وہ اپنا برتھ ڈے ارجن کے ساتھ منائے گا۔ دیپک ارجن کے گھر پہنچ گیا۔ ارجن نے نہ صرف اس سے ملاقات کی بلکہ اس کے لیے خصوصی کیک اور تحائف بھی منگائے اور دیپک کے ساتھ اس کی سال گرہ منائی۔
Load Next Story