این اے 246 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل

کراچی کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور ہم ووٹ کے ذریعے سے تبدیلی لانا چاہتے ہیں، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک April 12, 2015
جلسے کے باہر سیکیورٹی کے فرائض پولیس جب کہ جلسے کے اندر جماعت اسلامی کے رضاکار انجام دے رہے ہیں۔فوٹو: ایکسپریس نیوز

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے انتخابی معرکے میں جماعت اسلامی اپنی قوت کے مظاہرے کے لئے تیار ہے۔

کراچی کے علاقے عائشہ منزل میں شاہراہ پاکستان پر جماعت اسلامی کے جلسہ عام کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جس میں امیر جماعت اسلامی سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ جلسے کے لئے کنٹینرز کی مدد سے اسٹیج تیار کردیا گیاہے جب کہ کارکنوں ہزاروں کرسیاں سجائی گئی ہیں، جلسہ عام میں شرکت کے لئے شہر بھر سے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے جلسے کے باہر سیکیورٹی کے فرائض پولیس جب کہ جلسے کے اندر جماعت اسلامی کے رضاکار انجام دے رہے ہیں۔ کریم آباد سے واٹر پمپ تک شاہراہ پاکستان کا ایک ٹریک ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ الیکشن جیتنے کے لئے لڑا جاتا ہے، این اے 246 میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور ووٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے، ہم کسی کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑ سکتے۔ گولیاں اور لاٹھیاں برسانے والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں لیکن ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، مائیں اور بہنیں بھی جماعت اسلامی کی حمایت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور ہم ووٹ کے ذریعے سے تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔