کراچی سے عمران فاروق قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار چوہدری نثارعلی

ملزم کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا جب کہ اس حوالے سے ایک دو روز میں جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی، وفاقی وزیرداخلہ


ویب ڈیسک April 13, 2015
امید ہے عمران فاروق قتل کیس منطقی انجام تک پہنچے گا،وفاقی وزیرداخلہ۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور سیکیورٹی فورسز نے کراچی سے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا جسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران فاروق قتل کیس برطانیہ کے لئے ہی نہیں بلکہ پاکستان کے لئے بھی امتحان بنا ہوا تھا اور اس حوالے سے سیکیورٹی فورسز نے کراچی سے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا جسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس سے متعلق جتنی معلومات تھی ان سے اسکاٹ لینڈ یارڈ کو آگاہ کیا جاتا رہا ہے اور امید ہے کہ کیس منطقی انجام تک پہنچے گا جب کہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے معاملے پر ایک سے دو روز میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی جائے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ ٹیم تشکیل دے گی جس میں وفاقی اداروں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاہم اس حوالے سے کسی کو سزا دلوانا اور پھنسانا نہیں چاہتے۔ چوہدری نثارنے گرفتار ہونے والے شخص کا نام اور سیاسی جماعت کے ساتھ وابستگی کے بارے میں تو نہیں بتایا تاہم وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق حراست میں لیے جانے والے شخص کا نام معظم علی خان ہے اور وہ کراچی میں مقیم تھا جسے سیکیورٹی فورسز نے 2 روز قبل عزیزآباد سے گرفتار کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعمران فاروق کو قتل کرنے والے 2 طالبعلموں کو معظم علی خان کی کمپنی نے ویزا لگوا کربرطانیہ بھجوایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں