عراقی شہریوں کا قتل امریکی عدالت نے بلیک واٹرکے 4 اہلکاروں کو سزا سنا دی

عدالت نے 14 عراقی شہریوں کے قتل کے جرم میں ایک اہلکارکوعمرقید اور 3 کو 10،10 سال قید کا حکم سنایا۔


ویب ڈیسک April 13, 2015
عدالت نے 14 عراقی شہریوں کے قتل کے جرم میں ایک اہلکارکوعمرقید اور 3 کو 10،10 سال قید کا حکم دیا۔ فوٹو:فائل

FAISALABAD: امریکی عدالت نے 14 عراقی شہریوں کے قتل میں ملوث بلیک واٹر کے سابق ایک اہلکار کو عمر قید اور 3 کو 10,10 سال قید کی سزا سنا دی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی عدالت نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں 14 شہریوں کو قتل کرنے کے مقدمے کی سماعت کی۔ اس موقع پر عدالت نے طویل سماعت کے بعد مقدمے میں نامزد امریکی نجی سیکیورٹی کمپنی بلیک واٹر کے 4 سابق اہلکاروں میں سے نیکولس سلیٹن کو ارادی طور پر شہریوں کو قتل کرنے کے جرم میں عمرقید جب کہ ڈسٹن ہیرڈ، ایون لیبرٹی اور پال سلاو کو 10،10 سال قید کا حکم سنایا۔

سماعت کے دوران سابق اہلکاروں کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمے کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی جائے کیوں کہ متاثرہ افراد گواہان پر اثرانداز ہورہے ہیں تاہم عدالت نے وکیل صفائی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ مجرموں کی سزا میں مزید تاخیر کی کوئی ضرورت نہیں جب کہ اس سے قبل وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا تھا کہ بلیک واٹر کے اہلکاروں نے اپنے تحفظ میں شہریوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں تاہم عدالت نے اسے ماورائے عدالت قتل قرار دیا۔

واضح رہے کہ بدنام زمانہ امریکی نجی سیکیورٹی کمپنی بلیک واٹر کے 4 سابق اہلکاروں نے 2007 میں عراق کے دارالحکومت بغداد میں قافلے کی صورت میں جاتے ہوئے فائرنگ کرکے 14 شہریوں کو ہلاک کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں