سری لنکا پاکستان کی مہمان نوازی کے لیے بے چین

سیریزکا شیڈول جاری،17جون کوگال میں آغاز،دیگر2ٹیسٹ کولمبومیں ہونگے


Sports Desk April 14, 2015
موسم کے تیور دیکھتے ہوئے پانچوں ایک روزہ میچز کے دوران ریزرو ڈے بھی مختص کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

سری لنکا پاکستان کی مہمان نوازی کے لیے بے چین ہے، ٹیم مکمل سیریز کیلیے جون میں دورہ کرے گی، ڈیڑھ ماہ طویل ٹور کا آغاز تین ٹیسٹ میچز سے ہوگا، موسم کے تیور دیکھتے ہوئے پانچوں ایک روزہ میچز کے دوران ریزرو ڈے بھی مختص کردیے گئے، آخر میں 2ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائینگے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی جانب سے پاکستان سے جون، جولائی میں شیڈول سیریز کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا گیا، مہمان ٹیم جون کے آغاز میں کولمبو پہنچے گی، پہلا ٹیسٹ 17 جون سے گال میں شروع ہوگا، دوسرے میچ کیلیے دونوں ٹیمیں دوبارہ کولمبو کا رخ کریں گی جہاں پی سارا اوول پر 25 جون سے میچ کا آغاز ہوگا۔ تیسرے ٹیسٹ کا بھی میزبان کولمبو ہی ہوگا مگر مقابلہ آر پریماداسا اسٹیڈیم میں جمعہ 3 جولائی سے شروع ہوگا۔سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں ون ڈے سیریز کیلیے دمبولا جائیں گی۔

جہاں پہلا میچ 11 جولائی کو شیڈول ہے، دوسرا ون ڈے 15 جولائی کو پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔ تیسرے اور چوتھے ایک روزہ میچز کی میزبانی کولمبو کا آر پریما داسا اسٹیڈیم بالترتیب 19 اور 22 جولائی کو کرے گا۔

آخری ون ڈے 26 تاریخ کو ہمبنٹوٹا کے راجا پکسے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس عرصے میں سری لنکا میں بارش کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پانچوں میچز کے لیے اضافی دن مختص کیے گئے ہیں۔ پہلا ون ڈے پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا جبکہ باقی چاروں میچزکا آغاز دوپہر 2 بجے ہونا ہے۔ٹور کے آخر میں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹوئنٹی 20 میچز 30 جولائی اور یکم اگست کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں، انکا آغاز شام ساڑھے 6 بجے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں