پیرس 2024 اولمپکس کی میزبانی کی دوڑ میں شامل ہوگا

سٹی کونسل کے 163 ممبران کی حمایت، حکام جون میں بڈ پر حتمی فیصلہ کریں گے


Sports Desk/AFP April 14, 2015
پیرس کو امید ہے کہ دنیا بھر میں مشہور کارناموں کی تشہیر سے انھیں حمایت حاصل ہوگی۔ فوٹو: فائل

پیرس 2024 اولمپکس کی بڈ کے انتہائی قریب پہنچ گیا، سٹی کونسل کے163 ارکان نے بڈ کے حق میں ووٹ دیا جبکہ گرینز اور بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے چند کونسلرز نے اتفاق نہیں کیا، صدر فرانکوئس ہولانڈی جمعرات کو آئی او سی سربراہ تھامس باخ سے ملاقات کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق پیرس نے 2024 اولمپکس کی بڈنگ کیلیے ایک اہم نیا قدم اٹھا لیا، بڑی تعداد میں شہرکے اسمبلی ارکان نے اس کے حق میں ووٹ دیا ہے، میئر اینی ہیڈالگو نے کہاکہ اب ہم اولمپک ایڈونچر کیلیے تیار ہیں۔ بڈ کے زبردست حامی صدر فرانکوئس ہولانڈی جمعرات کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ سے لوزانے میں ملاقات کریں گے۔163 ارکان کی بڑی تعداد نے ووٹنگ میں پیرس بڈ کی حمایت کردی، صرف چند گرینز اور انتہائی بائیں بازو کے کونسلرز نے خلاف ووٹ دیا، 2024 اولمپکس کیلیے بوسٹن امریکا جبکہ روم اطالوی بڈ کی قیادت کرے گا، شہری ریفرنڈم کی حمایت ملنے پرجرمنی بھی ہیمبرگ کو میدان میں لائے گا، توقع ہے کہ ملکی اولمپک کمیٹی اپنی بڈ کیلیے جون میں پیرس پرحتمی فیصلے کا اعلان کرے گی۔

شہروں کے پاس15 ستمبر تک بڈز داخل کرنے کا وقت ہے،انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی2017 کے وسط میں فیصلے کا اعلان کریگی، پیرس کو امید ہے کہ دنیا بھر میں مشہور کارناموں کی تشہیر سے انھیں حمایت حاصل ہوگی، فیزیبلٹی اسٹڈی میں تجویز دی گئی کہ بیچ والی بال کا ایفل ٹاور کے زیرسایہ، تیر اندازی نپولین بوناپارٹ کے مقبرے کے نزدیک انویلائیڈز ایسپلانڈی اور فینسنگ تاریخی گرانڈ پیلس میوزیم میں منعقد ہونی چاہیے، فٹبال کیلیے1998 ورلڈ کپ فائنل کے گراؤنڈ اور فرنچ اوپن ٹینس کے وینیو رونالڈ گیروس کو بھی استعمال کیا جائیگا۔ ڈرافٹ پلان پر بیشتر موجود وینیوز کے ساتھ صرف ایک سوئمنگ پول اور 10 ہزار ایتھلیٹس کیلیے ولیج کی تعمیر ابھی باقی ہے، انھوں نے وعدہ کیاکہ2016 میں عوام سے اس بارے میں رضامندی لی جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں