پاکستان بھارت کوسیریز پر قائل کرنے کے لیے کوشاں

دسمبر میں بھارتی ٹیم کے ساتھ یو اے ای میں سیریز کھیلنا چاہتے ہیں، شہریار خان


Saleem Khaliq April 14, 2015
نجم سیٹھی کا میٹنگ میں کوئی کام نہیں اور وہ شریک نہیں ہوں گے، چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان آئی سی سی میٹنگزکے دوران بھارت کو سیریز کھیلنے پر قائل کرنے کی کوشش کرے گا، زمبابوے سے بھی آئندہ ماہ کے مجوزہ ٹور پر بات کی جائے گی، چیئرمین شہریارخان سمیت نجم سیٹھی اور سبحان احمد دبئی پہنچ چکے، اس دوران نئے صدر کا انتخاب بھی ہوگا، شہریارخان کے مطابق فوری طور پر نجم سیٹھی کے عہدہ سنبھالنے کا امکان کم ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی میٹنگز میں حصہ لینے کیلیے سب سے پہلے ہفتے کو چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد روانہ ہوئے، پیر کو انھیں موجودہ اور سابق چیئرمینز شہریار خان و نجم سیٹھی نے بھی جوائن کر لیا، روانگی سے قبل نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے شہریارخان نے کہا کہ کونسل میٹنگز تو معمول کی ہیں، البتہ ہمارے لیے اہم بات دیگر بورڈ حکام سے ملاقات ہوگی، ہم دسمبر میں بھارتی ٹیم کے ساتھ یو اے ای میں سیریز کھیلنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے بی سی سی آئی حکام کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے، اسی طرح زمبابوے سے آئندہ ماہ کے مجوزہ دورئہ پاکستان پر بھی بات ہو گی۔

ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نجم سیٹھی کا میٹنگ میں کوئی کام نہیں اور وہ شریک نہیں ہوں گے، مگر چونکہ وہ جلد آئی سی سی کی صدارت سنبھالنے والے ہیں اس لیے انھیں ساتھ لے کر جا رہا ہوں کہ وہاں معاملات کو جانیں اور انھیں لوگوں سے متعارف کرایا جائے۔ شہریار خان نے کہا کہ اس بات کا امکان کم ہے کہ نجم سیٹھی فوری طور پر کونسل کی صدارت سنبھال لیں، امید ہے کہ آئندہ تین ماہ کیلیے بنگلہ دیش ہی اپنا کوئی نمائندہ نامزد کرے گا، یاد رہے یہ پوسٹ مصطفیٰ کمال کے استعفیٰ دینے سے خالی ہوئی ہے، وہ ورلڈکپ میں متنازع بیانات دینے کے بعد مشکل میں پڑ گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں