سندھ بھر میں دہشت گردوں سہولت کاروں اوران کے سرپرستوں کے گرد گھیرا تنگ

سرکاری ونجی اراضی پر قبضہ دہشت گروں کی مالی معاونت کا بڑا ذریعہ ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فہرستیں بنالیں


عامر خان April 14, 2015
 زمینوں پر قبضے، سرکاری ٹھیکوں کے حصول میں رکاوٹ پر جرائم پیشہ عناصر کے ذریعے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں ، ذرائع فوٹو : فائل

وفاقی حکومت کی ہدایت پر سیکیورٹی اداروں نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سرکاری اور نجی اداروں کی قیمتی اراضی پر قبضے، دہشت گردوں کو مالی معاونت اور سہولت پہنچانے اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کی سیاسی سطح پر سرپرستی کرنے والوں کے گرد گھیرا انتہائی تنگ کردیا ہے۔

ان ملزمان کی سرپرستی کرنے والوں میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے اہم رہنما، بعض انتظامی عہدے دار، سرمایہ دار اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں، ان تمام جرائم کی سرپرستی کرنے والوں کی فائنل فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں اور ان کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔ انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے کراچی سمیت سندھ میں جرائم پیشہ عناصر اوران کے سرپرستوں کے خلاف آپریشن کی حکمت عملی کے تحت کارروائی کا دائرہ کار بڑھانے کیلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کوبعض گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کے دوران انتہائی اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں کہ کراچی میں سرکاری ونجی اراضی پر قبضہ دہشت گروں کی مالی معاونت کا بڑا ذریعہ ہے، زمینوں پر قبضے کے معاملات میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے اہم رہنما، بعض انتظامی اور پولیس افسران، سرمایہ دار اور اہم شخصیات ملوث ہیں جبکہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں ملوث مختلف جرائم پیشہ عناصر کو بعض سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کی سرپرستی حاصل ہے جو ان کو سہولتیں بھی فراہم کرتے ہیں۔جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والے زمینوں پر قبضے ،سرکاری ٹھیکوں کے حصول اور دیگر انتظامی امور میں نہ صرف مداخلت کرتے ہیں بلکہ ان جرائم پیشہ عناصر کے ذریعے کام نہ کرنے والے افراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، اس حوالے سے بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی مالی معاونت کا طریقہ کار کیا ہیں ؟یہ مالی معاونت کن امور میں استعمال کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا تھا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والی اہم شخصیات کی گرفتاری ناگزیر ہے، ان تمام معلومات کا وفاقی حکومت نے اعلیٰ سطح پر جائزہ لیا ہے اور اس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات موصول ہوئی ہیں کہ ان اہم شخصیات کے خلاف کارروائی سے قبل معلومات حاصل کی جائیں اور ٹھوس شواہد پر کارروائی کی جائے۔ اہم شخصیات کی نقل وحرکت اور دیگر معلومات بھی اکٹھی کی جارہی ہیں، وفاقی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایت کی ہے کہ ان جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والوں کو بلا تفریق گرفتار کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کیلیے آپریشن حکمت عملی کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جارہا ہے اور ان شخصیات کی گرفتاری کیلیے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے، یہ شخصیات کسی بھی مقام، دفتر یا دیگر اہم مقامات پر موجود ہوں، بغیر کسی دبائو کے ان کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے گا۔

۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں