گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لائیں گے وزیر اعظم

کسی بھی معاملے میں کرپشن اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر اعظم نواز شریف

گلگت میں سیاحت کو فروغ دیا جائے گا اور علاقے کی ترقی کے لئے معدنی وسائل کا استعمال کیا جائے گا، نواز شریف فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی بھی معاملے میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اپنی پالیسیوں سے گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لائیں گے۔


وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان کونسل کا اجلاس ہوا جس میں گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہراہ قراقرم کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی فورس جب کہ جنگلات کے تحفط کے لئے 30 سالہ پالیسی تشکیل دی جارہی ہے، انہوں نے 45 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کسی بھی معاملے میں کرپشن اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت اپنی پالیسیوں سے گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا چاہتی ہے اور ترقیاتی منصوبوں پر تمام اخراجات شفاف انداز میں کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے گلگت بلتستان کو بہت فائدہ ہوگا، گلگت میں سیاحت کو فروغ دیا جائے گا اور علاقے کی ترقی کے لئے معدنی وسائل کا استعمال کیا جائے گا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان تحفظ پاکستان بل 2015 اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
Load Next Story