اردو کے فروغ کیلئے پہلی بین الاقوامی سوشل میڈیا سمٹ کا اعلان

سمٹ کا انعقاد اردو سورس اور جامعہ کراچی کی جانب سے کیا جارہا ہے جو 8 مئی کو ہوگی


ویب ڈیسک April 14, 2015
مقصد انٹرنیٹ پر اردو کے فروغ کے لیے جدوجہد کرنے والے تکنیکی اور غیرتکنیکی ماہرین کو ایک چھت کےنیچے جمع کرنا ہے، عامر ملک

لاہور: اردو سورس اور جامعہ کراچی نے پہلی بین الاقوامی اردو سوشل میڈیا سمٹ کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

پیر کے روز پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے اردو سورس کے بانی عامر ملک نے کہا کہ سمٹ 8 مئی کو جامعہ کراچی کے ایچ ای جے آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی جس کا مقصد انٹرنیٹ پر اردو کے فروغ کے لیے جدوجہد کرنے والے تکنیکی اور غیرتکنیکی ماہرین کو ایک چھت کےنیچے جمع کرنا ، ایک دوسرے کے تجربے سے سیکھنا ، نئی راہیں تلاش کرنا اور مل جل کر آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی خاص بات بلاگرز اور سوشل میڈیا ایوارڈز ہیں جو بلاگنگ اور سوشل میڈیا کے میدان میں مثبت تبدیلی کے لیے سرگرم افراد اور اداروں کو دیئے جائیں گے جن کا مقصد ان کی محنت کو سراہنا اور حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

اس موقع پر جامعہ کراچی یونیورسٹی جرنلسٹ ایسوسی ایشن (کوجا) کے سربراہ عمیر انصاری کا کہنا تھا کہ قومی زبان کے فروغ کے لیے ہونے والی تدریسی و غیر تدریسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی جامعہ کراچی کی ایک احسن روایت رہی ہے اور ہم نے اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اردو سوشل میڈیا سمٹ کے شاندار منصوبے کو اردو سورس کے ساتھ مشترکہ طور پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمٹ میں ذہین نوجوانوں کے منفرد اور اچھوتے خیالات سامنے لائیں گے جب کہ اس سمٹ میں ای کامرس،آن لائن مارکیٹنگ ، روایتی میڈیا و نیو میڈیا کی جنگ اورسیاسی و سماجی اصلاحات پر دلچسپ مکالمے بھی ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔