جنوبی افریقا کے بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ نے استعفیٰ دے دیا

ایلین ڈونلڈ کی کوچنگ میں جنوبی افریقا کے 2 فاسٹ اورایک اسپن بولر ون ڈے کرکٹ کے 10 بہترین بولرزمیں شامل رہے۔


ویب ڈیسک April 14, 2015
ٹیم کو ورلڈ کپ 2015 کا چیمپئن دیکھنا چاہتا تھا لیکن اس میں کامیاب نہ ہوسکے،ڈونلڈ۔ فوٹو:فائل

جنوبی افریقا کے بولنگ کوچ ایلین ڈونلڈ نے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ٹیم کی شکست کے بعد بالاخر استعفیٰ دے دیا۔

ایلین ڈونلڈ 2011 میں جنوبی افریقا کے بولنگ کوچ مقرر ہوئے اور ان 4 سال کے دوران پروٹیز کی بولنگ لائن میں تیز رفتار بولرز کے علاوہ اسپن اٹیک میں بھی مضبوطی دیکھنے میں آئی لیکن مضبوط بولنگ اٹیک کے ہوتے ہوئے بھی پروٹیز ٹیم ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب پورا نہ کرسکی۔ ایلین ڈونلڈ نے استعفی دینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ گزارے 4 سال زندگی کے سب سے بہتر تھے تاہم ٹیم کو ورلڈ کپ 2015 کا چیمپئن دیکھنا چاہتا تھا لیکن اس میں کامیاب نہ ہوسکے تاہم اب مزید ٹیم کے ساتھ نہیں رہ سکتا۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگاٹ کا کہنا ہے کہ لیجنڈ کوچ کو رخصت کرنا اتنا آسان نہیں تاہم ایلین ڈونلڈ کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اگر مستقبل میں ٹیم کو ان کی ضرورت پڑی تو انہیں دوبارہ یاد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایلین ڈونلڈ کی کوچنگ میں جنوبی افریقا کے 2 فاسٹ بولرزڈیل اسٹین اور مورنی مورکل جب کہ اسپن بولرعمران طاہر ایک روزہ کرکٹ میچ کے 10 بہترین بولرز میں شامل رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔