دورہ بنگلہ دیش میں منتخب پاکستانی اسکواڈ متوازن ہے عرفان

فٹنس مسائل پر قابو پاکر سری لنکا کے خلاف ٹیم کو فتحیاب کرانا چاہوں گا، پیسر


Numainda Express April 16, 2015
فٹنس مسائل پر قابو پاکر سری لنکا کے خلاف ٹیم کو فتحیاب کرانا چاہوں گا، پیسر فوٹو: فائل

ٹیسٹ فاسٹ بولرمحمدعرفان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش سے سیریز کے لیے منتخب شدہ پاکستانی اسکواڈ متوازن ہے، اظہر علی اچھے کھلاڑی ہیں بطور کپتان بھی کامیاب رہیں گے، فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹور کے لیے منتخب نہیں ہوسکا جس پر مایوسی ہے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار اسریٰ یونیورسٹی میں سوشل ویلفیئرسوسائٹی کے تحت منعقدہ جونیئر ایتھلیٹ گیمزکے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر عرفان کے ہمراہ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرڈاکٹر حمید اﷲ قاضی، عرفان ہارون، سحرش ابریجو و دیگر موجود تھے، دراز قامت محمد عرفان نے کہاکہ کرکٹ کا کوئی بھی ٹور ہو اگر ضائع ہوجائے تو مایوسی ہوتی ہے، اسی طرح بنگلہ دیش کا دورہ نہ کرنے کا بھی افسوس ہے، انھوں نے کہاکہ فاسٹ بولرز زیادہ محنت کرتے ہیں۔

دراز قد پیسرز کے ساتھ فٹنس کا مسئلہ رہتا ہی ہے، مجھے بھی مسائل کا سامنا ہے، فٹنس حاصل کرنے کے لیے محنت کر رہا ہوں، کافی بہتری بھی آئی، سری لنکا سے سیریز میں کم بیک کر کے پاکستان کی جیت میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اچھے کھلاڑی ہیں، میں پینٹنگولرکپ میں بلوچستان کی جانب سے ان کی زیرقیادت کھیل چکا ہوں،امید ہے کامیاب رہیں گے۔

ایک سوال پر عرفان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں جس طرح پاکستانی میڈیا نے سپورٹ کیا اچھا لگا تاہم بدقسمتی سے اہم میچ سے قبل ان فٹ ہوگیا، یہی وقت تھا کہ ملک کے لیے کچھ کروں لیکن قسمت نے ساتھ نہیں دیا، اب میگا ایونٹ گزر گیا، مستقبل میں ہونے والی سیریزکو سامنے رکھ کر محنت کر رہا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے کوششیں کر رہے ہیں، زمبابوے کرکٹ ٹیم کو مدعو کرنے کیلیے بات چیت جاری ہے ، جس کے بعد دیگر ٹیمیں بھی آئیں گی۔ انھوں نے کہاکہ مجھے حیدرآباد آکرخوشی محسوس ہوئی۔ قبل ازیں محمد عرفان نے گیند کر کے ایونٹ کا افتتاح کیا جس میں بچوں کے مابین مختلف مقابلے ہوئے، اختتام پر کامیاب پلیئرز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |