پاکستان قابل اعتماد ایٹمی ڈیٹرنس کو ہر صورت برقرار رکھے گا دفتر خارجہ

کشمیر کا مسئلہ تشدد سے نہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں سے حل ہوگا، تسنیم اسلم


ویب ڈیسک April 16, 2015
یمن کے معاملے پر پاکستان کے سعودی عرب میں اعلیٰ سطح پر مذاکرات مکمل ہو گئے، تسنیم اسلم فوٹو:فائل

ISLAMABAD: دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہے گزشتہ روز سرینگر میں پیش آنے والا واقعہ کشمیریوں کے پاکستان سے متعلق دیرینہ جذبات کا اظہار ہے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایٹمی ہتھیار اپنے دفاع کے لئے تیار کئے ہیں، قابل اعتماد ایٹمی ڈیٹرنس کو ہر صورت برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ تشدد سے نہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں سے حل ہو گا، پاکستان نے اس مسئلے کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھایا ہے، سرینگر واقعہ کشمیریوں کے پاکستان سے متعلق دیرینہ جذبات کا اظہار ہے، گزشتہ روز نکالی گئی ریلی پُرامن تھی، کشمیری رہنماؤں کے خلاف مقدمات جعلی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین کے صدر ژی جیپنگ پیر سے 2 روزہ دورے پر پاکستان آرہے ہیں، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے کئی اہم معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کی وطن واپسی کا آپریشن مکمل ہوچکا ہے تاہم اب بھی پاک بحریہ کا ایک جہاز یمن میں موجود ہے، اگر وہاں پاکستانی ہوئے تو انہیں وطن واپس لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، اس کے علاوہ یمن کی جیل میں 11 پاکستانیوں کے معاملے پر حکام سے رابطے میں ہیں۔

تسنیم اسلم نے مزید کہا کہ یمن کے معاملے پر پاکستان کے سعودی عرب میں اعلیٰ سطح پر مذاکرات مکمل ہو گئے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کال اور پاکستانی وفد کی سعودی عرب روانگی کے درمیان کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے معاملے پر پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد کے حوالے سے سرکاری سطح پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں ہوا۔ دفتر خارجہ کسی وزیر کی ٹوئٹ پر کوئی ردعمل نہیں دیتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں