کرکٹ ایشیا کپ کا آئندہ سال گیئر تبدیل کرنے کا فیصلہ

ون ڈے کے بجائے بطور ٹوئنٹی20ایونٹ کھیلا جائے گا جس میں 6ٹیمیں شرکت کریں گی

ون ڈے کے بجائے بطور ٹوئنٹی20ایونٹ کھیلا جائے گا جس میں 6ٹیمیں شرکت کریں گی۔ فوٹو: فائل

آئندہ سال ایشیا کپ کا گیئر تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیاگیا، ون ڈے کے بجائے بطور ٹوئنٹی20ایونٹ کھیلا جائے گا، شریک 6ٹیموں کو بھارت میں شیڈول مختصر فارمیٹ کے ورلڈکپ کی تیاری میں مدد ملے گی، میزبان ملک کا اعلان بعد میں ہوگا،2سال بعد منعقد ہونے والے اگلے ٹورنامنٹ میں دوبارہ ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل آخری سانسیں لے رہی ہے،30جون کو اس کے دفاتر بند اور خطے میں کھیل کے معاملات آئی سی سی کی نگرانی میں چلے جائینگے، البتہ ایشیائی سطح کے ایونٹس کا سلسلہ رکنے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔


اے سی سی کے چیف ایگزیکٹیو اشرف الحق کا کہنا ہے کہ آئندہ سال ایشیا کپ کا انعقاد ضرور ہوگا، البتہ مستقبل کے میگاایونٹس کو پیش نظر رکھتے ہوئے فارمیٹ میں وقتی طور پر تبدیلی کی جارہی ہے، ماضی میں ہمیشہ ون ڈے کرکٹ پر مشتمل ٹورنامنٹ ہوتا تھا مگر اس بار ٹوئنٹی 20 ہوگا، ایشیائی ٹیموں کو اسی سال بھارت میں مارچ،اپریل میں شیڈول مختصر فارمیٹ کے ورلڈکپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔

2018میں ایک بار پھر ایک روزہ مقابلے ہونگے تاکہ اس سے اگلے برس انگلینڈ میں ہونے والے 50اوورزکے میگا ایونٹ کی اچھی تیاریوں کا موقع مل سکے،انھوں نے بتایا کہ فارمیٹ کی تبدیلی کا فیصلہ تو حتمی ہے۔

تاہم میزبان اور شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، یاد رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور2نان ٹیسٹ ٹیمیں شرکت کریںگی،گذشتہ سال افغانستان کو شمولیت کا موقع ملا تھا،آئی لینڈرز ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے تھے،1984 میں ایونٹ کے آغاز سے اب تک پاکستان نے 2 بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
Load Next Story