دہری شہریت اراکین پارلیمنٹ کو حلف نامے جمع کرانے کیلئے مزید ایک ماہ کی مہلت

چیف الیکشن کمشنرکی زیرصدارت اجلاس میںتمام ارکان کوخط لکھنے کافیصلہ،خط کیساتھ سپریم کورٹ کافیصلہ بھی بھیجاجائیگا


Numainda Express October 10, 2012
جورکن اس مدت میں حلف نامہ جمع نہیں کرائیگا،انھیںدہری شہریت کاحامل رکن سمجھاجائیگا،سیکریٹری الیکشن کمیشن کی بریفنگ۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پارلیمنٹ اورصوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو دہری شہریت سے متعلق حلف نامے جمع کرانے کیلیے مزیدتیس روز کی مہلت دے دی ہے۔

الیکشن کمیشن کااجلاس چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈفخرالدین جی ابراہیم کی صدارت میں ہواجس میںکمیشن کے چارممبران اورسیکریٹری الیکشن کمیشن کے دیگرافسران شریک ہوئے۔اجلاس میں پارلیمنٹ کے اراکین کی جانب سے دہری شہریت سے متعلق حلف نامے جمع کرانے کے کمیشن کی ہدایت پرعملدرآمدکاجائزہ لیاگیا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمدنے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوںکے تمام ارکان کو خط لکھنے کافیصلہ کیاہے جس میںان سے تیس دن میں دہری شہریت سے متعلق حلف نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی جارہی ہے،خط کے ساتھ سپریم کورٹ کابیس ستمبرکافیصلہ بھی بھیجا جائے گا اورجو رکن اس مدت میں بھی حلف نامہ جمع نہیں کرائے گااسے سمجھا جائے گا کہ وہ دہری شہریت رکھتا ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمدکاکہناتھاکہ اداروں کے مابین الیکشن کمیشن کی ہدایات پرعملدرآمد نہ کرنے کاتاثر درست نہیں۔اب تک قومی اسمبلی کے ایک سوچالیس ،سینیٹ کے چودہ پنجاب اسمبلی کے چار بلوچستان اسمبلی کے پچیس اور خیبرپختونخواہ اسمبلی کے پانچ ارکان نے حلف نامے جمع کرادیے ہیں جبکہ سندھ اسمبلی کے کسی رکن کی جانب سے تاحال حلف نامہ جمع نہیںکرایا گیا۔انھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کسی کے ساتھ من مانی نہیں کررہا ہے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ کمیشن کے اجلاس میں تمام فیصلے متفقہ ہوئے ہیں۔اجلاس کے دوران تمام ترفیصلے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میںکمیشن نے کیے ہیں۔

اجلاس میں اراکین سے دہری شہریت سے متعلق حلف نامے لینے کافیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئین کے تحت کیاگیاہے۔کمیشن کے اجلاس میں تمام امورکاجائزہ آئین کی روشنی میں لیاگیا ہے ایک سوال کے جواب میںانھوں نے کہا کہ تمام انتظامی ادارے الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں۔ وزیرداخلہ رحمن ملک کی نااہلی سے متعلق چیئرمین سینیٹ کاریفرنس تاحال الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں