الطاف حسین بھارت تو جاسکتے ہیں مگر کراچی نہیں آسکتے سراج الحق

کراچی کی قسمت کا فیصلہ اب لندن میں نہیں بلکہ شہر کی گلیوں میں ہی ہوا کرے گا، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک April 17, 2015
ایم کیوایم کو ماضی کی طرح ٹھپے لگانے کا موقع نہیں ملے گا، سراج الحق، فوٹو: ایکسپریس نیوز

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ کراچی کی قسمت کا فیصلہ اب لندن میں نہیں بلکہ شہر کی گلیوں میں ہی ہوا کرے گا جس کا فیصلہ 23 اپریل کو عوام دیں گے جب کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین بھارت تو جاسکتے ہیں مگر وہ کراچی نہیں آسکتے۔

کراچی میں شارع پاکستان پر جماعت اسلامی کے تحت ہونے والے خواتین کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آج کے جلسے نے خوف اور دہشت گردی کے بت کو پاش پاش کردیا ہے، کراچی سے غنڈہ گردی اور فساد کی سیاست ختم ہونے والی ہے اب شہر میں شرافت اور خدمت کی سیاست ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے 9 مرتبہ استعفیٰ دے کر واپس لیا لیکن اب وہ پھر 23 اپریل کو استعفیٰ دے کر واپس نہیں لیں گے کیونکہ اس دن کراچی کے عوام فیصلہ کریں گے کہ شہر کی قسمت کا فیصلہ لندن میں نہیں بلکہ یہاں کی گلیوں میں ہوگا ہم ووٹ کی طاقت سے 23 اپریل کو جبر کا قلعہ گرادیں گے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن عوام کے سامنے اور پاکستان کے لیے خوشخبری کا پیغام ہوگا اور اس بار ایم کیوایم کو ماضی کی طرح ٹھپے لگانے کا موقع نہیں ملے گا جب کہ ہم نہیں سمجھتے کہ الطاف حسین کبھی کراچی کا رخ کریں گے کیونکہ وہ بھارت تو جاسکتے ہیں لیکن یہاں نہیں آسکتے۔ انہوں نے کہا کراچی کی خواتین تبدیلی چاہتی ہیں تو جماعت اسلامی کوووٹ دیں، ہم خواتین کو تعلیم یافتہ، خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں جب کہ اگر ہماری حکومت آئی تو خواتین کی ملازمت کے اوقات میں کمی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں