این اے 246 کا ضمنی انتخاب کراچی کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا عمران خان

جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے بات ہوئی ہے لیکن لگتا ہے وہ بھی میچ کھیلنا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے،چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک April 18, 2015
رینجرز پولنگ کے روز خوف کی فضا ختم کرنے میں کردار ادا کرے،عمران خان۔ فوٹو:فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 246 کا ضمنی انتخاب کراچی کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا اور الیکشن جیتنے کے لئے پورا زور لگائیں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی کی رہائشگاہ پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک نشست سے تحریک انصاف کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، پاکستان کے مستقبل کے لئے یہ الیکشن اہم ہے جس کے بعد فیصلہ ہوگا کہ کراچی کا مستقبل کیا ہوگا اس لئے تحریک انصاف نے الیکشن جیتنے کے لئے پورا زور لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز پولنگ کے روز خوف کی فضا ختم کرنے میں کردار ادا کرے اور ایم کیو ایم سے بھی اپیل ہے کہ وہ خوف نہ پھیلائے اور ووٹرز کو ان کا حق آزادنہ طور پر استعمال کرنے دے، جماعت اسلامی سے بات ہوئی لیکن لگتا ہے وہ بھی میچ کھیلنا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 30 سال قبل ملک میں جنم لینے والی تمام تحریک کراچی سے اٹھتی تھیں لیکن اب وہ محدود ہوکر رہ گئیں جب کہ کراچی کے پڑھے لکھے لوگ بھی محدود ہوکر رہ گئے، اگر ایسے حالات رہے تو کراچی کا کوئی مستقبل نہیں اس لئے تحریک انصاف شہر کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی ہتھیار نہیں اٹھائے جس کی وجہ سے تحریک انصاف پورے پاکستان میں پھیل چکی ہے جب کہ اس کے مقابلے میں دیگرجماعتیں محدود ہوکر رہ گئیں،23 اپریل کا الیکشن پورے پاکستان میں اہمیت کا حامل ہے اور،عمران اسماعیل کوکراچی کے لوگوں کا خوف ختم کرنے پرمبارکباد دیتا ہوں۔

انتخابی دھاندلی کے حوالے سے تشکیل دیئے گئے جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن ہماری بڑی فتح ہے، جوڈیشل کمیشن کی اگلی سماعت میں سب کچھ ساتھ لے جارہے ہیں جب کہ کمیشن کے چیرمین نے کہا ہے کہ سارا مواد فراہم کیا جائے اس لئے اگلی سماعت میں زبردست تیاری کے ساتھ جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں