عافیہ کی رہائی کیلیے خط صدر زرداری کو لکھنا چاہیے جوئی لومبارڈو

پاکستان اور امریکا میں اس وقت سیاسی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں، ان کے خط کی اہمیت ہوگی

کراچی:عافیہ کی والدہ سے ملنے آنیوالے امریکی وفد کے ارکان فوزیہ صدیقی کیساتھ پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

KABUL:
یونائٹیڈ نیشن اینٹی وار کولیشن(UNAC ) کے کو چیئرمین جوئی لومبارڈو Joe Lombardo نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید میں 10 برسوں کے دوران یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کسی حکومتی اہلکار نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے متعلق امریکی حکومت سے بات کی ہے۔

یہ واضح رہے کہ امریکی حکومت نے ابھی تک ڈاکٹر عافیہ کی رہائی سے متعلق پاکستان کے کسی حکومتی اہلکار کی جانب سے خط کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی ہے تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ وزیرداخلہ عبدالرحمن ملک نے جو بات کی ہے، وہ درست ہوگی۔ عافیہ موومنٹ وزیرداخلہ عبدالرحمن ملک کے نہ صرف اس اقدام کی بلکہ عافیہ کے دو بچوں مریم اور احمد کی بازیابی میں کردار کو بھی سراہتی ہے۔ یہ تمام کاوشیں اس وعدے کا نتیجہ ہیں جو انھوں نے عافیہ کے اہل خانہ سے کیا ہے۔


سابق امریکی اٹارنی جنرل رمزے کلارک نے اپنے حالیہ دورۂ پاکستان میں پاکستانی حکومتی اہلکارو ں سے ملاقاتوں کے دوران یہ واضح کر دیا تھاکہ عافیہ کی رہائی کے لیے صدر کی جانب سے امریکی صدر کو لکھے جانے والے خط کی اہمیت ہوگی۔UNAC کے کو چیئرمین نے کہا کہ پاکستان اور امریکا میں اس وقت سیاسی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ پاکستانی صدر آصف علی زرداری کو امریکی صدر باراک اوباما کو عافیہ کی رہائی سے متعلق خط لکھنا چاہیے۔

ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ امریکی عدالتی نظام کے تحت ناانصافی ہوئی ہے۔ انسانیت کے ناطے انھیں باعزت رہا کیا جانا چاہیے۔ codepink کی نمائندگی کرتے ہوئے جوڈی بیلو نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے نیویارک میں کراچی کے مظاہروں سے بھی بڑا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل جب وہ ڈاکٹر عافیہ کے اہل خانہ سے ملنے کیلیے ان کی رہائش گاہ پہنچے تو عافیہ موومنٹ سمیت دیگر تنطیموں کے ہزاروں افراد نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔ انھوں نے اس موقع پر تصویری نمائش میں خصوصی دلچسپی لی۔
Load Next Story