ملالہ یوسفزئی پرحملہ انتہائی بزدلانہ اورافسوسناک ہےشاہ محمود

حملہ انکی سوچ کاعکاس ہے،وہ امن کا پیغام دینے والے کسی کے بھی حق میں نہیں،ایازامیر.

اسلام میں ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں،اسماعیل بلیدی’’کل تک‘‘میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور افسوسناک واقعہ ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔


پروگرام کل تک میں جاوید چوہدری سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ حکومت تو پورے ملک میں کہیں نظر نہیں آرہی۔جو عناصردہشت گردی میں ملوث ہیں ان کے خلاف جامع منصوبہ بندی کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ایازامیر نے کہاکہ ملالہ یوسفزئی پر حملے میں جو لوگ ملوث ہیں ان کو سزا ملنی چاہئے ۔ملالہ پر حملے میں ملوث لوگ فرشتے نہیں ہیں ،یہ کارروائی ان کی سوچ کی عکاس ہے کہ وہ کسی بھی امن کے پیغام دینے والے کے حق میں نہیں ۔ڈرون حملے اس جگہ پر ہورہے ہیں جہاں پر ہمارا کنٹرول ہی نہیں وہاں ریاست ہی اور ہے ۔

رہنما جمعیت علمائے اسلام (ف) اسمٰعیل بلیدی نے کہاکہ اسلام میں ملالہ یوسفزئی پر حملے جیسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی پاکستان میں نہیں بنتی۔ہماری خارجہ پالیسی آزاد نہیں ہے ۔ جب تک ہم مغرب کی جنگ کو اپنی جنگ سمجھتے رہیں گے تو نتائج ایسے ہی ہوں گے ۔عمران خان کے دورے کے حوالے سے یہ پہلے سے طے تھا کہ وہ وہاں تک نہیں جاپائیں گے انہوں نے اپنی ساکھ بچانے کے لیے یہ سفر کیا ہے۔
Load Next Story