بھارت کیساتھ تمام مسائل کا حل مذاکرات سے چاہتے ہیں سرتاج عزیز

چاہتے ہیں ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں،سرتاج عزیز

چاہتے ہیں ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں،سرتاج عزیز۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے ہم بھارت کیساتھ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں،پاکستانی آئین کے مطابق ہر شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ و ہ اپنے مذہب پر عمل کرے یا اس کا پرچارکرے اور اپنے مذہب کیلیے چرچ، مندر یا گوردوارہ بنائے، وہ شاہی قلعہ میں ''مسلم سکھ دوستی دی ترجمان بیساکھی''کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

سرتاج عزیز نے کہا وزیر اعظم نواز شریف نے جون 2013میں حکومت سنبھالے کے بعد ا علان کیا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں۔ اسی پالیسی کے تحت نواز شریف نے وزیر اعظم مودی صاحب کی دعوت قبول کی اور 26مئی کو انکی حلف برداری کی تقریب میں شامل ہوئے۔ اگلے دن دونوں وزرائے اعظم کے درمیان یہ فیصلہ ہواکہ خارجہ سیکریٹری جلد ملاقات کریں گے اور بات چیت کا سلسلہ شروع کرنے کیلیے لائحہ عمل بنایا جائے۔ چند ہفتے بعد یہ طے ہوا کہ ہندوستان کی خارجہ سیکریٹری 25اگست کو اس مقصد کیلیے اسلام آباد آئینگی ،ہمیں حیر ت ہوئی جب اس ملا قات سے ایک ہفتے پہلے اسے یکطرفہ طور پر منسوخ کر دیا گیا۔


3مارچ کو بھارت کے نئے سیکریٹر ی خارجہ خیرسگالی کے دورے پر آئے ، لیکن بات چیت کا سلسلہ ابھی تک شروع نہیں ہوا، انھوں نے مزید کہا کہ سکھ قوم کے بڑے بڑے اثاثے ہمارے پاس ہیں اور ہمیں مان ہے کہ ہم نے سکھوں کی ان ساری امانتوں کو اپنی ہی امانت سمجھ کر سنبھالا ہوا ہے اور سنبھالتے رہیں گے، سکھ اور مسلمان قوموں میں بہت سی مشترکہ قدریں ہیں۔ ایک تو دونوں ایک خدا کو مانتے ہیں ۔

پھِر ایک اور مشترک بات پنجاب کی دھرتی کی ہے۔ ہماری بولی مشترک ہمارے گیت مشترک،یہاں کی عوام،حکومت سِکھ بھائیوں سے بہترین تعلقات کے خواہش مند ہیں،متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے بتایا بہت جلد وزیر اعظم نواز شریف ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔

بھارتی سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈ ر سردار امریک سنگھ نے کہا ہم یہا ں پر دوستی اور امن بھائی چارے کا پیغام لے کر آئے ہیں ،ہمارے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ تقریب میں امریکی قونصلیٹ جنرل کارن رائیڈر، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار شام سنگھ بھی موجود تھے، آخر میں پاکستان زندہ باد ، سکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ، مہمانوں کو تحائف دیئے گئے۔
Load Next Story