کراچی میں تحریک انصاف کے جلسہ عام میں شرکت کے لئے عوام کی آمد

تحریک انمصاف کے جلسہ گاہ اور اس کےاطراف میں 3 ہزارپولیس افسران اوراہلکارتعینات ہوں گے، ایس ایس پی سینٹرل نعمان صدیقی

جلسے میں مردوں اور خواتین کے لئے الگ الگ پنڈال سجائے گئے ہیں فوٹو: فائل

این اے 246 میں تحریک انصاف کے جلسہ عام میں شرکت کے لئے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے لئے تحریک انصاف کا جلسہ عام آج عائشہ منزل پر ہورہا ہے جس میں چیرمین عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنما خطاب کریں گے۔ جلسے میں عمران خان کی اہلیہ ریحام خان بھی شریک ہوں گی۔ جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، تحریک انصاف کے رہنماؤں اور میڈیا کے نمائندوں کے لئے کنٹینرز کی مدد سے الگ الگ اسٹیج تیار کئے گئے ہیں تاہم تحریک انصاف کے رہنما پیڈسٹیرین برج سے خطاب کریں گے۔


کریم آباد سے انچولی تک شاہراہ پاکستان کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیاہے، جلسے کی جگہ اور اطراف کے پورے علاقوں میں بجلی کے کھمبوں پر تحریک انصاف کے پرچم اور عمران خان کی تصاویر آویزاں ہیں، جلسے میں مردوں اور خواتین کے لئے الگ الگ پنڈال سجائے گئے ہیں، مردوں کے پنڈال میں ہزاروں کرسیاں لگائی گئی ہیں جب کہ خواتین کے پنڈال میں زمین پر بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ جلسے میں شرکت کے لئے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

ایس ایس پی کراچی وسطی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کے لئے آنے والے عائشہ منزل اور کریم آباد سے واک تھرو گیٹس سے گزرنے کے بعد پنڈال میں داخل ہوسکیں گے جب کہ میڈیا کے نمائندوں اور تحریک انصاف کی قیادت کے لئے نصیرآباد والاراستہ مختص کیا گیا ہے۔ جلسے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتطامات کئے گئے ہیں، جلسے کے باہر 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں، جلسہ گاہ میں خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی۔ اس کے علاوہ جلسہ گاہ کے اطراف بلند عمارتوں کی چھتوں پر ماہر نشانہ باز پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
Load Next Story