مصر کے صدر نے انقلابیوں کیلئے عام معافی کا اعلان کردیا قتل کے ملزمان پر اطلاق نہیں ہوگا

مصری جیلوں سے ہزاروں افراد کی رہائی متوقع، اٹارنی جنرل اور فوجی استغاثہ کو ایک ماہ میں فہرست سامنے لانیکا حکم.


Express Desk October 10, 2012
عام معافی کے نتیجے میں مصری جیلوں سے ہزاروں افراد کی رہائی متوقع، اٹارنی جنرل اور فوجی استغاثہ کو ایک ماہ میں فہرست سامنے لانیکا حکم. فوٹو: فائل/ اے ایف پی

مصر کے صدر محمد مرسی نے سابق صدر حسنی مبارک کے خلاف چلائی گئی تحریک کے دوران حراست میں لیے جانیوالے تمام افراد کیلیے عام معافی کا اعلان کیا ہے۔

مصری صدر کے سرکاری فیس بک صفحے پر شائع ہونے والے پیغام کے مطابق ان تمام اعمال کیلیے معافی دی گئی ہے جو انقلاب کی مدد کے نظریے کے تحت سرانجام دیے گئے تھے۔ اس عام معافی کے نتیجے میں مصری جیلوں سے ہزاروں افراد کی رہائی متوقع ہے۔ سابق صدر حسنی مبارک نے گزشتہ برس فروری میں اٹھارہ دن کی حکومت مخالف تحریک کے بعد اقتدار چھوڑ دیا تھا۔ اس تحریک کے دوران سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ عام معافی کا اطلاق تحریک کے آغاز کے دن یعنی 25 جنوری 2011 سے ہوگا اور اس کے تحت رواں برس جون تک حراست میں لیے جانے والے افراد آئیں گے۔

صدارتی حکم کے تحت نہ صرف ان افراد کو معافی دی گئی ہے جو سزا کاٹ رہے ہیں بلکہ وہ افراد بھی معافی کے حقدار ہیں جو ابھی مقدمہ چلائے جانے کے منتظر ہیں۔ تاہم قتل کے ملزمان پر اس معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی مینا کے مطابق صدارتی حکم میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل اور فوجی استغاثہ ایک ماہ کے اندر ان افراد کی فہرست سامنے لائیں جنہیں معاف کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں