چکنائی والی غذائیں بچوں کی ذہنی صلاحیت پر اثر انداز ہوتی ہیں تحقیق

ماہرین تحقیق سے اس نتیجے پرپہنچے کہ جو بچے چکنائی والی غذائیں کھاتے تھے ان میں سوچ وفکر اورجوابی ردعمل کی رفتارسست تھی

تحقیق امریکا کی ایلی نوائے یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 7 سے 10 برس کے 150 بچوں پر کی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
حالیہ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ مرغن اور تلے ہوئے کھانے بچوں کی ذہنی صلاحیت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔


بچوں میں سیکھنے کے عمل کے لیے ضروری ذہنی صلاحیت کی جانچ کے لیے امریکا کی ایلی نوائے یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 7 سے 10 برس کے 150 بچوں پر تحقیق کی جنہیں ایک ایسا کھیل کھیلنے کو دیا گیا جو رنگوں اور اشکال کی مدد سے سیکھنے کی مشق پر مشتمل تھا، اس کھیل کو بچوں میں اپنی معلومات کی بنا پر فیصلے کی صلاحیتوں کی جانچ کے لئے مرتب کیا گیا تھا، محققین نے بعد میں بچوں کی کارکردگی کا موازنہ کھانے کی ڈائری کے ساتھ کیا جو بچوں نے والدین کے ساتھ مل کر مرتب کی تھی۔

محققین عمر، جنس، سماجی و اقتصادی حیثیت، بچوں کا آئی کیو اور وی او ٹومیکس (جسم میں مشق کے دوران آکسیجن کی شرح) کے علاوہ بچوں کا بی ایم آئی شامل کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ جو بچے سچوریٹیڈ چربی والی غذائیں کھاتے تھے ان میں سوچ و فکر اور جوابی ردعمل کی رفتار سست تھی جب کہ ان بچوں میں چیزوں کو یاد رکھنے کی صلاحیت بھی کمزور تھی۔
Load Next Story