حکومت کی فوجی عدالتوں کی جانب سے دی گئی سزائے موت کی معطلی کیخلاف درخواست دائر

عدالتی اختیارات کے تعین سے قبل سزاؤں پر عملد درآمد روکنے کا کوئی قانونی جواز نہیں، درخواست میں موقف

سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں سے متعلق کیس کی سماعت کل ہوگی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وفاق نے سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کی جانب سے 6 دہشت گردوں کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے خلاف درخواست دائر کردی ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاق نے فوجی عدالتوں کی جانب سے 6 دہشت گردوں کی سزاؤں پر عملدرآمد روکنے کے خلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ حالات و واقعات 21ویں آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کے قیام کے حق میں ہیں اور ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں میں عدالتی اختیار کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ بار متاثرہ فریق نہیں اس لئے اس کی درخواست اور عدالتی اختیارات کے تعین سے پہلے سزاؤں پر عملد درآمد روکنے کا کوئی قانونی جواز نہیں لہٰذا عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ وہ حکم امتناعی کو واپس لیتے ہوئے دائر درخواست کو خارج کرے، سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں سے متعلق کیس کی سماعت کل ہوگی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے 17 رکنی فل کورٹ نے 16 اپریل کو فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 6 دہشت گردوں کی پھانسیاں روکنے کے احکامات جاری کئے تھے۔
Load Next Story