آئی سی سی نے محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن درست قرار دے دیا

بنگلہ دیش کے خلاف حفیظ کو تیسرے ون ڈے میں بطور بولر ہنرآزمانے کی آزادی مل گئی۔

گزشتہ برس سعید اجمل کی طرح محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیا گیا تھا فوٹو: فائل

لاہور:
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے قومی ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن درست قرار دے دیا ہے۔

آئی سی سی نے قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر فیصلے سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے جب کہ چنئی میں ہی بائیو میکینک ٹیسٹ دینے والی پاکستان ویمنز ٹیم کی بولر جویریہ ودود کے بولنگ ایکشن کو بھی کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔



دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بولنگ ایکشن درست قرار دیئے جانے پر وہ اللہ تبارک و تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، اس کے علاوہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے حکام، اپنی اہلیہ اور بچوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں ہمت دلائی اور وہ سرخرو ہوئے۔






محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر وہ آل راؤنڈر بن گئے، سابق کپتان کے بولنگ ایکشن پر گزشتہ برس بھارت میں چیمپئنز لیگ کے دوران اعتراض اٹھایا گیا تاہم آئی سی سی کے تحت ایونٹ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں نہ تو ٹیسٹ کیلیے بھیجا گیا اور نہ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوئے،بعد ازاں نیوزی لینڈ سے ابوظبی ٹیسٹ کے دوران امپائرز نے آل راؤنڈر کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے آئی سی سی کو رپورٹ کردی جس کے بعد محمد حفیظ کے ایکشن کا تجزیہ انگلینڈ کی لفبرا یونیورسٹی میں بائیومکینک سے کرایا گیا جس میں ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی قانونی حد سے متجاوز قراردیا گیا اور ایکشن میں اصلاح تک بولنگ پر پابندی عائد کردی گئی۔




نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سخت محنت کے بعد انہوں نے رواں سال جنوری میں غیر رسمی ٹیسٹ چنئی کی لیبارٹری میں کرایا لیکن اس کی رپورٹ میں ثابت ہوا کہ بولنگ ایکشن قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں ہوسکا، اصلاح کے لئے مزید کام کرنے کے بعد حفیظ کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرکے فروری میں برسبین میں ٹیسٹ کیلیے وقت لیا گیا تاہم ان فٹ ہونے کے سبب وطن واپس آنا پڑا،فٹنس بحال ہونے پر محمد حفیظ بائیومکینک تجزیے کیلیے9اپریل کو بھارتی شہر چنئی میں آئی سی سی سے الحاق رکھنے والی سری راما چندرا یونیورسٹی کی لیبارٹری میں گئے تھے، اس کی منظرِعام پر آنے والی رپورٹ میں کہا گیاکہ ان کی تمام گیندیں 15 ڈگری کی قانونی حد کے اندر اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کیلیے آزاد ہیں۔



امپائرز کو ان کی ٹیسٹ میں کلیئر ہونے والی ڈیلیوریز کی ویڈیوز فراہم کردی گئی ہیں، وہ کسی بھی خلاف ضابطہ گیند کی رپورٹ کر سکتے ہیں،بولنگ ایکشن کلیئر ہونے پر محمد حفیظ بدھ کو بنگلہ دیش کیخلاف تیسرے ون ڈے میچ میں بطور بولر بھی اپنا ہنر آزمائیں گے۔



دوسری جانب آئی سی سی نے پاکستانی ویمن کرکٹر جویریہ ودود کے بازو کا خم بھی قانونی حد میں قرار دے دیا جب کہ ان کا بولنگ ایکشن 6مئی 2010کو سینٹ کٹس میں رپورٹ ہوا تھا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2ngdyu_hafeez_news

 
Load Next Story