جب عراق میں اغوا ہوا تو امیتابھ بچن نے میری جان بچائی بھارتی صحافی کا انکشاف

مبینہ اغواکاروں میں سے ایک نے بھارتی اداکار امیتابھ بچن کا انداز اپنا رکھا تھا، حسن زیدی


ویب ڈیسک April 21, 2015
بھارتی صحافی کےمطابق انہیں آنکھوں پر پٹی باندھ کر نامعلوم مقام پر لے جایا گیا، فوٹو:فائل

معروف بھارتی صحافی اور ناول نگار حسن زیدی نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ عراق میں اغوا ہوئے تو ان کی جان بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن نے بچائی تھی۔

بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں حسن زیدی نے بتایا کہ جب وہ صدام حسین کا تختہ الٹنے کے بعد ان کے قریبی ساتھیوں سے ملنے کے لیے عراق گئے تو انہیں وہاں اغوا کرلیا گیا۔ حسن زیدی کے مطابق انہیں آنکھوں پر کالی پٹی باندھ کر نامعلوم مقام پر لے جایا گیا جہاں جب ان کی آنکھوں کی پٹی کھولی گئی تو وہاں کئی افراد موجود تھے جو مبینہ طور پر اغوا کار معلوم ہوتے تھے اور انہوں ان سے پاکستانی ہونے سے متعلق سوال پوچھا جس پر حسن زیدی نے نفی میں جواب دیا۔

حسن زیدی نے بتایا کہ مبینہ اغواکاروں کی جانب سے ان سے عربی زبان میں کچھ پوچھا گیا جسے وہ سمجھ نہ سکے تاہم اس کے بعد ان سے یہی سوال انگریزی میں کیا گیا جس میں ان افراد نے کسی امیشا بکن کا نام لے کر مجھ سے ان کی شناخت جاننا چاہی جس پر شناخت نہ جاننے کے باعث انہوں نے انکار کیا اور صرف بھارتی اداکارہ امیشا پاٹیل کا ذکر کردیا۔ حسن زیدی کے مطابق امیشا بکن کو نہ جاننے پر ان مبینہ اغوا کاروں نے انہیں برا بھلا کہا تاہم اس کے فوری بعد ایک شخص کمرے سے امیتابھ بچن کی فلم ''شکتی'' کا پوسٹر لے آیا جسے دیکھ کر انہیں سمجھ آئی کہ وہاں موجود ایک مبینہ اغوا کار نےا میتابھ بچن کا انداز اپنا رکھا تھا اور وہ ان کا فین تھا۔

حسن زیدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے چیختے ہوئے کہا کہ وہ امیتابھ بچن کو جانتے ہیں جس پر وہ شخص خوش ہوا اور اس نے ان سے کاغذ پر لکھوایا کہ وہ جب بھی بھارت آئے گا حسن زیدی اسے امیتابھ بچن سے ملوائیں گے۔ حسن زیدی کے مطابق امیتابھ بچن سے ملاقات کرانے کی حامی بھرنے پر مبینہ اغواکاروں نے انہیں رہا کردیا۔

بھارتی صحافی حسن زیدی گینگ وار اور جرائم پر ناول لکھتے ہیں جب کہ بلیک فرائیڈے ، مافیا کوئنز آف ممبئی اور دیگر ان کے مشہور ناولز ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں