کراچی کے حلقہ این اے 246 میں انتخابی مہم کا وقت ختم پولنگ 23 اپریل کو ہوگی

الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز کے اندر خفیہ کیمرے نصب کردیئے گئے۔


ویب ڈیسک April 22, 2015
کسی بھی گڑبڑی کی نگرانی کے لئے حلقے میں کیمرے بھی نصب کردیئے گئے. فوٹو:فائل

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا جب کہ 3 دن کے لئے شہر بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 میں 23 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا ہے جس کے بعد جلسے، کارنرمیٹنگز اور ریلیوں پر پابندی ہوگی اور کسی بھی امیدوار کو الیکشن مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام پولنگ اسٹیشنز میں بیلٹ باکس پہنچادیئے گئے ہیں جب کہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر خفیہ کیمرے بھی نصب کردیئے گئے ہیں۔

حلقے میں دھاندلی کی روک تھام کے لئے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی ہوگی، پولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ آفیسر کے علاوہ عملے کے کسی بھی شخص کے لیے موبائل فون کا استعمال ممنوع ہوگا اور ووٹرز زائد المعیاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پولنگ کے روز حلقے میں وفاقی و صوبائی ملازمین کے لیے عام تعطیل ہوگی اور حلقہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہوگا۔

این اے 246 کے ضمنی انتخاب کی دلچسپ بات یہ ہے کہ ایم کیو ایم، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کا ووٹ حلقے میں رجسٹرڈ ہی نہیں، متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید جمیل کا ووٹ حیدرآباد جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل کا ووٹ ڈیفنس اور جماعت اسلامی کے راشد نسیم کا ووٹ نارتھ ناظم آباد میں رجسٹرڈ ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کے استعفیٰ کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں