LARKANA:
آئی سی سی نے کرپشن اسکینڈل میں ملوث پاکستان ، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے 6 امپائرز کو تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کردیا ہے.
ترجمان آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کرپشن الزامات میں ملوث یہ امپائرز تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ کے میدان میں منصف کی حیثیت سے نہیں جاسکیں گے، اس فیصلے پر پاکستان، سری لنکا اوربنگلہ دیش نے بھی رضامندی ظاہر کردی ہے، یہ فیصلہ کولمبو میں جاری آئی سی کی بورڈ میٹنگ میں کیا گیا ہے۔
کچھ روز قبل ایک بھارتی ٹی وی نے پاکستانی امپائرندیم غوری، انیس صدیقی، بنگلہ دیش کے نادرشاہ ، سری لنکا کے گامنی ڈیسا نائیکے، مورس ونسٹن اور سارا گلاگے کو کرکٹ میں کرپشن کے حوالے سےمشکوک بات چیت کرتے ہوئے دکھایا تھا، اینٹی کرپشن یونٹ نے ٹی وی چینل سے مکمل فوٹیج طلب کر لی ہے۔
ٹی وی کے چیئرمین رجت شرما اور اسٹنگ آپریشن کے انچارج ''ونود کاپڑی'' کا کہنا تھا کہ وہ ہر قسم کی انکوائری اور پبلک اسکروٹنی کے لئے نہ صرف تیار ہیں بلکہ 22 گھنٹے کی فوٹیج بھی دیں گے.
آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے تینوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کو امپائرز اسکینڈل کی تحقیقات جلد کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔