وٹامن والی دوائیں کینسر اور دل کی بیماریوں کا سبب بنتی ہیں تحقیق

وٹامن دواؤں کا زیادہ استعمال کرنے والوں کو صحت کے حوالے سےاکثر مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ماہرین

صرف قدرتی غذاؤں کا استعمال وٹامن کی کمی کو پورا کرسکتا ہے،ماہرین، فوٹو:فائل

امریکا میں کی گئی ایک تحقیق میں وٹامن فراہم کرنے والے داؤں کے فائدے کے ساتھ ساتھ اس کے نقصانات سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔

امریکی یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ملٹی وٹامن دواؤں کا زیادہ استعمال کینسر اور دل کی بیماریوں کا سبب بنتا ہیں، جو افراد ملٹی وٹامن دواؤں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں انہیں صحت کے حوالے سےاکثر مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


یونیورسٹی میں شعبہ انسداد سرطان کے ایک پروفیسر کا کہنا تھا کہ تحقیق کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ غذائی سپلیمنٹس کے صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس کے زیادہ استعمال سے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

برطانیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق فوڈسپلیمنٹس کی صنعت نے سال 2012 میں 400 ملین یورو کا بزنس کیا تھا تاہم امریکی یونیورسٹی کے ان انکشافات نے فوڈ سپلیمنٹس کی صنعت پر متعدد سوالات اٹھادیئے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں وٹامن سے بھرپور دواؤں کے استعمال کا رجحان بڑھ رہا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ غذائی سپلیمنٹس کے وسیع اور بڑے پیمانے پر استعمال کی کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی جب کہ صرف قدرتی غذاؤں کا استعمال وٹامن کی کمی کو پورا کرسکتا ہے۔
Load Next Story