عمران خان کو ایک الیکشن کا افسوس ہے لیکن ہمارا مینڈیٹ ہر بار چوری ہوا آصف زرداری

چین سےآنے والی سرمایہ کاری کو ڈی ریل ہونے نہیں دیں گے اور بلوچوں کے حقوق کو یقینی بنائیں گے، شریک چیئرمین پی پی پی


ویب ڈیسک April 26, 2015
بھارت کو کہتا ہوں کہ کشمیروں کو تنگ کرنے سے باز آجائے، شریک چیئرمین پی پی پی۔ فوٹو: آئی این پی

سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ کپتان کو ایک الیکشن کا افسوس ہے لیکن ہمارا مینڈیٹ ہر بار چوری ہوتا ہے تاہم ہرالیکشن کے بعد پیپلزپارٹی نئے ولولے سے زندہ ہوتی ہے۔

لیاری کے ککری گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرادری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فلسفہ ہے اور ہم عوامی خدمت کے لئے سیاست کرتے ہیں اور یہ خدمت ہمیشہ کرتے رہیں گے، ایک زمانہ تھا جب ہم لیاری میں سڑکوں پر گھوما کرتے تھے لیکن مشرف کی باقیات نےلیاری کوخون کی ہولی میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال بعد الیکشن ہونے والے ہیں اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اسے نوجوانوں کے ہاتھ میں دیں گے،نوجوان نسل پارٹی قیادت سنبھالے وزیراعلی سید قائم علی شاہ اورمیں حکومت سنبھالیں گے جب کہ بلاول اور آصفہ کے آنے تک پارٹی کا جھنڈا سنبھالے رکھوں گا۔

https://img.express.pk/media/images/156/156.webp

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ میں نے اسلام آباد میں ساری سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرکے یہ فیصلہ کیاہے کہ چین سے آنے والی سرمایہ کاری کو ڈی ریل نہیں ہونے دیا جائے گا اور چین کے تعاون سے شروع کیے جانے والے منصوبوں کو سیاسی نہیں بننے دیاجائے گا، بلوچوں اور پشتونوں کے حقوق کاتحفظ کیا جائے گا،اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان منصوبوں سے ان کے علاقوں میں نئی آباد کاری ہوگی اوروہ اقلیت بن جائیں گے تو ہم انہیں اقلیت نہیں بننے دیں گے،ہم نے 18 ویں آئینی ترمیم میں اس کا پہلے سے بندوبست کر لیا ہے، بلوچوں، پشتونوں، سندھیوں، پنجابیوں کو ان منصوبوں سے خوف نہیں ہونا چاہیے،ان منصوبوں سے کسی کو نقصان نہیں ہو گابلکہ سب کا فائدہ ہو گا، ہم ماؤزے تنگ اوربھٹو کے فلسفہ کے ساتھ ترقی کرنا چاہتے ہیں۔

https://img.express.pk/media/images/q28/q28.webp

انہوں نے کہا کہ میں10 بارچین گیا اور چین کے ساتھ دوستی کو بڑھایا ،اب چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے ساتھ ساتھ تجارتی تعلقات بھی ہوں گے، آنے والی نسلوں کیلیے یہ بہت ضروری ہے ،میں یہ سوچتا تھا کہ اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل کیسے محفوظ کیا جائے ،چین ہمارا واحد دوست ہے جس نے وعدے کیے اور معاہدے کیے، ہماری کوششیں اور جدوجہد رنگ لا رہی ہیں۔

https://img.express.pk/media/images/239/239.webp

https://img.express.pk/media/images/q10/q10.webp

موجودہ حکومت کے ڈھائی سال پورے ہو چکے ہیں ،ڈھائی سال کے بعد دوبارہ الیکشن ہوںگے، میں کہتا ہوں کہ پارٹی کومضبوط کریں اور حوصلہ رکھیں،سیاست اور پارٹی کی کمان نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہونی چاہیے،میں شاہ صاحب سے کہتا ہوں کہ وہ اور میں اپنا کام کریں،ہم حکومت چلائیں اور پارٹی نوجوان چلائیں،جب بلاول اور آصفہ بھٹو زرداری یہاں آ جائیں گے تو پھر ان کاتاریخی استقبال ہو گا اور جئے بھٹو اور جئے بے نظیرکے نعرے ہوں گے،ہم اندرون سندھ اور پنجاب کے کسانوں اورمحنت کشوں کے مسائل سے آگاہ ہیں،ان کے حل کے لیے کوششیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لیاری سے جلسوں کا آغاز ہواہے،میں پنجاب، جنوبی پنجاب، ملتان، کشمیر، گلگت بلتستان اور پورے ملک میں جلسے کروں گا،ہم نے آئندہ الیکشن کے لیے سفر شروع کردیاہے،پیپلز پارٹی ہرموڑپرلڑے گی، لوگوں کے حقوق،اپنے دوستوں اورکراچی کے عوام کیلیے لڑے گی،پیپلز پارٹی ایسی پارٹی ہے،جس میں کوئی فرق نہیں ہے، پشتون، سندھی، بلوچ نئے سندھی ، ہندو اور ہر قسم کے لوگ اس پارٹی میں موجود ہیں،ہم سرائیکی ، بلوچوں اور پشتونوں کا تحفظ کرتے ہیں۔

https://img.express.pk/media/images/330/330.webp

https://img.express.pk/media/images/q17/q17.webp

آصف علی زرداری نے جلسہ عام سے خطاب کے دوران لیاری کی ترقی کیلیے ایک ارب روپے کے نئے ترقیاتی پیکیج کااعلان کیا اور کہا کہ یہ وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے میرے ذریعے لیاری کے لیے تحفے ہیں۔ انہوں نے لیاری میں بلاول بھٹوانجینئرنگ کالج قائم کرنے،لیاری کے عوام کے لیے کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کے ذریعے فلیٹس بنانے اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کااعلان کیا۔ آصف علی زرداری نے کہاکہ لیاری میں3ماہ میں پانی کی قلت ختم ہو جائے گی ،مجھے معلوم ہے کہ لیاری میں پانی کابحران ہے، میں نے یہ بحران ختم کرنے کیلیے وزیر اعلیٰ سندھ کو3ماہ کاوقت دیاہے۔ کشمیر کے حوالے سے سابق صدر کا کہنا تھا کہ بھارت کو کہتا ہوں کہ کشمیروں کو تنگ کرنے سے باز آجائے اگر انڈیا کے مسلمانوں نے مسئلہ کشمیر کو اٹھادیا تو بھارت کے لئے مشکلات کھڑی ہوجائیں گی۔

https://img.express.pk/media/images/q45/q45.webp

پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے اپنے خطاب کے دوران ٹی وی چینلز پر زبردست تنقید کی اور کہا کہ یہ نئے بینڈ باجے والے آگئے ہیں، یہ ٹی وی والے آج نکلے ہوئے ہیں۔ ایک نئی صنعت بن چکی ہے، جسے ٹی وی کہتے ہیں، اس صنعت میں بیٹھ کرلوگ مال بیچتے ہیں اورمنفی پروپیگنڈا کرتے ہیں ۔ میں ان سے کہتا ہوںکہ اللہ سے ڈرو، خداکا خوف کرو، ایسی باتیں کروجس سے قومیں آگے بڑھیں ۔ ایسی باتیں نہ کروجس سے قوم میں انتشار پیداہو۔

https://img.express.pk/media/images/215042609723/215042609723.webp

وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں لیاری والوں کی جدوجہداور قربانی کوسلام پیش کرتا ہوں ،پیپلزپارٹی آج بھی اتنی ہی مقبول ہے ، جتنی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے زمانے میں تھی،نہ ہم لیاری والوں کو چھوڑیں گے اور نہ لیاری والے ہمیں چھوڑیں گے ،لیاری اور پیپلز پارٹی کا ایک لازوال رشتہ ہے ،جسے کوئی نہیں توڑ سکتا ۔پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل تاج حیدر نے کہا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی بات چھوڑدی جائے ،سندھ ہمیں سے ایک ہے اور ایک رہے گا،تعصب کی سیاست کر لی ، اب محبت کی سیاست کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں