پختونخوا میں متاثرین بارش کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے الطاف حسین

پاکستان میں 2 فیصد جاگیردار طبقے نے آپس میں رشتے داریاں قائم کرکے ایک خاندان کی شکل اختیار کررکھی ہے، الطاف حسین


Express Desk April 27, 2015
پاکستان میں 2 فیصد جاگیردار طبقے نے آپس میں رشتے داریاں قائم کرکے ایک خاندان کی شکل اختیار کررکھی ہے، الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے پشاور اور اس کے گردونواح میں طوفانی بارش اورآندھی سے ہونے والی تباہی اورجانی ومالی نقصان پردلی افسوس اور گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انھوں نے کہاکہ آج پشاوراوراس کے گردونواح میں طوفانی بارشوں اورآندھی سے جوتباہی ہوئی ہے اور مکانات کی چھتیں اوردیواریں گرنے درجنوں افرادکے جاں بحق اورزخمی ہونے پر مجھے بہت افسوس ہے،ایم کیوایم کاایک ایک کارکن اس جانی ومالی نقصان پر جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین کے غم میں برابرکا شریک ہے، انھوں نے صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیاکہ متاثرین کے نقصانات کاازالہ کیاجائے اوربحالی کے کاموں کو ہنگامی بنیادوں پرکیاجائے۔دریں اثناجنوبی پنجاب کے غریب ومتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی جمشیددستی نے ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین سے ٹیلیفون پررابطہ کرکے انھیں حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن اور سندھ میں کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی پردلی مبارکبادپیش کی۔جمشید دستی نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم بھرپور عوامی قوت ہے،الیکشن میںآپ کی شاندار کامیابی نے ایم کیو ایم پرالزامات لگانے والوںکوغلط ثابت کردیا ہے۔

الطاف حسین نے جمشید دستی کاشکریہ اداکرتے ہوئے انھیں بھی مبارکباد پیش کی اورکہاکہ یہ کامیابی ملک بھرکے غریب ومتوسط طبقے کی کامیابی ہے،پاکستان میں 2 فیصد جاگیردار طبقے نے آپس میں رشتے داریاں قائم کرکے ایک خاندان کی شکل اختیار کررکھی ہے اوریہ چند خاندان اقتدار میں آکرملک بھرکے مظلوم عوام کے بنیادی حقوق غصب کرتے رہے ہیں۔علاوہ ازیں اتوارکی شب جناح گراؤنڈعزیز آبادمیں کارکنوں و عہدیداروں اوراجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیو ایم جاگیردارانہ نظام کیخلاف آواز اٹھانے والی واحد جماعت ہے،متحدہ ملک سے کرپٹ نظام کا خاتمہ چاہتی ہے،بیرونی قوتیں بھی این اے 246 میں ایم کیو ایم کونہیں ہراسکیں،ہمیں نمائشی لوگ نہیں کام کے بندے چاہئیں،کوئی ذمے دارٹھیک کام نہ کرے تواس سے استعفیٰ لے لیاجائے، نوکریاں نہیں ملتیں تو نوجوان ٹھیلا لگالیں، جرائم میں ملوث نہ ہوں،اگر کسی پر الزام ہے تو اسے تشدد کیے بغیرگرفتار کرکے بے شک تفتیش کی جائے لیکن گرفتار کرکے ملزمان کو عدالتوں میں پیش کیاجائے،اگر عدالتوں سے ریلیف نہ ملے توپرامن ریلیاں نکالی جائیں۔

سبین محمود کے قتل میں ملوث خفیہ ہاتھوں کو گرفتار کیا جائے، کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیابی پر بڑے پیمانے پر گولیاں چلائی گئیں لیکن وہاں فوج نہیں بھیجی گئی،ایم کیو ایم کی کامیابی پر کراچی شہر میں کوئی گولی نہیں چلی،ہم حکومت کی غلط پالیسیوں کی مخالفت کرتے رہیں گے، ایم کیوایم کے خلاف تعصبانہ رویہ ختم کردیا جائے۔ الطاف حسین نے اپنے خطاب کے دوران پشاورمیں شدید بارشوں سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ الطاف حسین نے اسٹیبلشمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم کوحاصل عوامی مینڈیٹ کااحترام کیا جائے اور مہاجروں کو بھی محب وطن پاکستانی تسلیم کیا جائے ۔ انھوں نے ایم کیوایم کے منتخب ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ سندھ اسمبلی میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں اورعوامی مسائل کے حل کیلیے ہمت وجرات کے ساتھ ڈٹ کر آوازاٹھائیں۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ میں رابطہ کمیٹی کو ہدایت کرتا ہوں کہ فوری طورپر ملک بھرمیں خصوصاً صوبہ سندھ میں ایم کیوایم کی ممبرسازی مہم شروع کرے۔

الطاف حسین نے کہاکہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں ملکی اور غیرملکی سپورٹ حاصل رکھنے والی جماعتوں کو شکست ہوئی۔ میں منتخب ارکان اسمبلی کو تلقین کرتا ہوں کہ عوامی مسائل کے حل راستے میں بیوروکریسی مشکلات کھڑی کرے تو وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ کو مطلع کیا جائے، اگر پھربھی عوامی مسائل کے حل کی راہ میں حائل رکاوٹیں دورنہ کی جائیں تو ایم کیوایم کی لیگل ایڈکمیٹی کے ذریعہ مقدمہ دائر کریں۔ انھوں نے کہا کہ میں تحریک کے تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |