نیوٹرل وینیو پرسیریز بھارت پاکستانی تجویز پر غور کریگا

مزید بات چیت دسمبرمیں ہوگی، رواں سال کے میچزکا شیڈول جلد جاری ہوگا، ذکااشرف

آئی سی سی سے معلومات ملنے کے بعد امپائرز اسکینڈل کی تحقیقات کرائی جارہی ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے اصرار پر بھارت نے نیوٹرل وینیو پر سیریز کے حوالے سے غور کرنے کا عندیہ دے دیا۔ اس حوالے سے مزید بات چیت دسمبر میں ہو گی۔

یہ تفصیلات چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے بھارتی بورڈ کے صدر این سری نواسن سے ملاقات کے بعد نمائندہ ''ایکسپریس '' کو بتائیں، دونوں بورڈز کے سربراہان آئی سی سی میٹنگ کے سلسلے میں کولمبو میں مقیم اور اس سے قبل بھی ایک میٹنگ کر چکے ہیں۔


ذکا اشرف نے کہا کہ بدھ کو میری سری نواسن سے پاک بھارت کرکٹ روابط سے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی،انھوں نے مجھے بتایا کہ وطن واپس جانے کے چند روز بعد دسمبر میں شروع ہونے والی سیریز کے حتمی شیڈول و مقامات کا اعلان کر دیں گے، صدر بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ جیسے ہی بھارتی حکومت نے پاکستانی سیکیورٹی صورتحال کو بہتر سمجھتے ہوئے دورے کی اجازت دی ٹیم کو بھیج دیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید بتایا کہ بھارتی بورڈ نے نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس کی پالیسی کا حصہ نہیں ہے، جب ان سے کہا گیا کہ پاکستان کی مخصوص صورتحال کے سبب اس بارے میں غور کریں تو سری نواسن نے یقین دلایا کہ وہ دیگر بورڈ حکام سے اس بارے میں بات کریں گے، یوں پاکستان کو امید کی کرن دکھائی دینے لگی ہے۔

گوکہ چیئرمین پی سی بی نے کوئی نام تو نہیں لیا مگر ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت شائقین کی کثیر تعداد کے سبب بطور نیوٹرل وینیو انگلینڈ موزوں امیدوار ہوگا۔ دریں اثنا ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ امپائرز کرپشن اسکینڈل کی آئی سی سی سے تفصیلات ملنے پر معاملے کی تحقیقات کرائی جارہی ہیں، رپورٹ کا پی سی بی کمیٹی جائزہ لیگی، اگر کوئی قصور وار پایا گیا تو سخت ایکشن لینگے۔
Load Next Story