زیریں سندھ ملالہ کی صحتیابی کیلیے متحدہ کے دعائیہ اجتماعات

سندھ تنظیمی کمیٹی اراکین و ذمے داران کی شرکت، امن ایوارڈ یافتہ طالبہ پر حملے کی مذمت.

حیدرآباد:متحدہ کے زونل آفس پر بچے ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلیے دعا کررہے ہیں۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کے لیے حیدرآباد سمیت زیریں سندھ میں دعائیہ اجتماعات منعقد کیے گئے۔


متحدہ کے قائد الطاف حسین کی اپیل پر حیدرآباد زونل آفس پر سوات امن ایوارڈ یافتہ 14 سالہ طالبہ ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلیے دعائیہ اجتماع ہوا۔ جس میں سندھ تنظیمی کمیٹی کے اراکین فرزانہ ظفر، رعنا صدیقی، عائشہ آفتاب سمیت متحدہ کے دیگر ذمے داران و کارکنان اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر ملالہ کی صحت یابی و درازی عمر کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ایم کیو ایم نوابشاہ کے تحت دعائیہ اجتماع میں زونل انچارج شیراز مسعود و دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی گئی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی گئی۔

بدین میں قوم کی بہادر بیٹی ملالہ یوسف زئی کی جلد صحتیابی کیلیے زونل آفس میں دعائیہ اجتماع ہوا، جس میں بچوں اور بچیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ ایم کیو ایم جامشورو زون کی جانب سے بھی ملالہ یوسف زئی کی صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔
Load Next Story