خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی کیلیے فوج بلانے کا فیصلہ

پولنگ کیلئے 45 ہزارسیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ ایف سی اور پولیس بھی معاونت کیلیے موجود ہو گی، الیکشن کمیشن


صوبے میں 24 ڈی آر او 470آر او اور 471 اسسٹنٹ آر او تعینات کیے گئے ہیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

KARACHI: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لئے فوج کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران فوج کی خدمات حاصل کی جائیں گی جبکہ ایف سی اور پولیس بھی معاونت کے لیے تعینات ہوگی، اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب، آئی جی خیبرپختونخوا، سیکریٹری بلدیات، ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، جوائنٹ سیکریٹری دفاع، ڈی جی الیکشن کمیشن اوردیگر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد سیکریٹری الیکشن کمیشن نے میڈیا کوبریفنگ میں بتایا کہ 45 ہزارسیکیورٹی اہلکاروں کوانتخابات کے لیے تعینات کیا جائے گا جب کہ ایف سی کی اضافی نفری کے لیے وزارت داخلہ سے رابطہ کیاجائے گا، سیکیورٹی کے لئے پاک فوج کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حساس ترین اورحساس پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد کے مطابق فوج کی خدمات کا تعین کیاجائے گا، بیلٹ پیپرز کے سوا باقی تمام میٹریل کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، پی سی ایس آئی آر کو 'انمٹ' سیاہی کی تیاری کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

بابر یعقوب نے کہا کہ خیبر پختونخوا 30 مئی کو ہونے والے انتخابات میں 93 ہزار 231 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، 11 ہزار 177 پولنگ اسٹیشنز اور30 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے جب کہ ایک لاکھ 34 ہزاراہلکارانتخابات کے لیے ڈیوٹی انجام دیں گے، 7 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپر چھپوائے جائیں گے جب کہ صوبے میں 24 ڈی آر او 470آراوز اور 471 اسسٹنٹ آر او تعینات کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں