ملالہ حملہ کیس عدالت نے 10 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی

ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے کے کیس کی سماعت سوات کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی


ویب ڈیسک April 30, 2015
ملالہ یوسف زئی 9 اکتوبر 2012 کو مینگورہ میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئی تھیں۔ فوٹو: فائل

LONDON: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملالہ یوسف زئی حملہ کیس میں 10 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے کے کیس کی سماعت سوات کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی، سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان ظفر اقبال، اسرار الرحمان، اظہار، ظفر علی، سلیمان، عرفان، شوکت، حضرت بلال، اکرام اللہ اور عدنان کو حملے کا الزام ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنادی۔

حملے کا مرکزی ملزم عطا اللہ جس کا تعلق سوات کے علاقے سنگوٹہ سے تھا وہ افغانستان فرار ہوگیا تھا، جس کے بعد 2013 اور 2014 میں سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے حملے میں معاونت کرنے والے 10 ملزمان کو گرفتار کیا تھا اوران تمام افراد کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان سے ہی تھا۔

ملالہ یوسف زئی کو تعلیم کے لیے جدو جہد کرنے پرگذشتہ سال نوبل انعام سے نوازا گیا جب کہ انہیں تعلیم کے حصول کے لیے طالبان کے سامنے ڈٹ جانے پر کئی دیگر انعامات اور اعزازات بھی مل چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 9 اکتوبر 2012 کو مینگورہ میں ملالہ یوسف زئی پر اسکول سے گھر جاتے ہوئے قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں نہ صرف وہ شدید زخمی ہوئیں بلکہ ان کے ساتھ ان کی 2 سہیلیاں بھی زخمی ہوگئی تھیں جب کہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک پاکستان نے قبول کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں