شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا گورنر

شاہراہ پاکستان پر بیک وقت چار فلائی اوورز کی تعمیر کی جارہی ہے، کھیل و تفریحات کی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔

عشرت العباد کا عمر شریف پارک کلفٹن کی افتتاحی تقریب سے خطاب،باغ ابن قاسم اور عبداللہ شاہ غازی مزار پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔ فوٹو : اے پی پی

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کلفٹن میں26ملین روپے کی لاگت سے عمر شریف پارک کا افتتاح کردیا۔

جبکہ اس موقع پر انھوں نے باغ ابن قاسم اور عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر ہونے والے تعمیراتی کاموں کا معائنہ اور گرامر کالج سے اسٹریٹ نمبر11- کلفٹن تک بننے والے لنک روڈ کا جائزہ بھی لیا، تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کلفٹن میں بنائے جانے والے پاکستان کے معروف اداکار عمر شریف کے نام سے منسوب پارک کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی مقیم عالم، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید، کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی، ڈائریکٹر جنرل پارکس نیاز احمد سومرو، اداکار عمر شریف، فنکاروں، گلوکاروں، اداکاروں اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔


گورنر سندھ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اس سے پہلے گلوکار مہدی حسن اور اداکار معین اختر کے نام سے پارک منسوب ہوچکے ہیں اور آج دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے اداکار عمر شریف کے نام سے اس پارک کو منسوب کیا جا رہا ہے، عمر شریف نے ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کھلاڑیوں اور فنکاروں کے نام سے پارکوں اور شاہراہوں کے نام رکھے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ کراچی کے شہری میگا پروجیکٹس شروع ہونے کا انتظار کررہے تھے جو ہم نے اب شروع کردیے ہیں۔

شاہراہ پاکستان پر بیک وقت چار فلائی اوورز کے ساتھ ساتھ کراچی کی دیگر شاہراہیں تعمیر کی جارہی ہیں، اسپتال بنائے جارہے ہیں، کھیل و تفریحات کی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں جس کیلیے میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور الطاف حسین بھائی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جن کی کاوشوں سے بڑے پیمانے پر کراچی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کراچی محمد حسین سید نے کہا کہ پارک2.3 ایکڑ رقبے پر مشتمل اور 26 ملین روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔

اداکار عمر شریف نے کہا کہ وہ آج بے انتہا خوشی محسوس کررہے ہیں کہ ان کے نام سے اس پارک کو منسوب کیا گیا، قائدتحریک الطاف حسین بھائی فنکاروں کو بے پناہ عزت دیتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کی کاوشوں کی ہمیشہ سرپرستی کرتے ہیں، بعدا زاں گورنر سندھ نے 3.96 ملین روپے کی لاگت سے گرامر کالج سے اسٹریٹ نمبر11-کلفٹن تک بننے والے لنک روڈ کا معائنہ کیا، گورنر نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر ہونے والے تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا، باغ ابن قاسم کے دورے کے موقع پر گورنر نے قدیم مندر اور مساجد کی تزئین و آرائش کا بھی حکم دیا۔
Load Next Story