الطاف حسین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے ترجمان پاک فوج

میڈیا کے سہارے عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عاصم باجوہ


ویب ڈیسک May 01, 2015
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج اور اس کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ فوٹو : فائل

ترجمان پاک فوج نے الطاف حسین کے فوج کے حوالے سے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسین کا بیان بے ہودہ اورغیرضروری ہے اور فوجی قیادت سے متعلق اس طرح کے بیانات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے فوج کے حوالے سے دیئے گئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فوج اور اس کی قیادت کے بارے میں اس طرح کا بیان بے ہودہ اور غیر ضروری ہے جب کہ الطاف حسین کی تقریر نفرت انگیز اور بلاجواز ہے، اس طرح کے بیانات فوجی قیادت کے خلاف ان مجرموں کی گرفتاری کا رد عمل ہیں جن کے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ روابط ہیں تاہم فوج اور اس کی قیادت کے خلاف اس طرح کا بیان برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 





ترجمان پاک فوج نے اپنے ٹوئٹس میں کہا کہ میڈیا کے سہارے عوام کوریاست کے خلاف اکسانے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیاجائے گا، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کی تقریرنفرت انگیز اور بلاجواز ہے، انہوں نے عوام کوفوج کے خلاف بھڑکانے کے لئے میڈیاکاسہارا لیا اور ان کی تقریر پر قانونی چارہ جوئی کریں گے۔





میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ فوجی قیادت کے بارے میں ایسے بیانات برداشت نہیں کیے جائیں گے، غیرذمے دارانہ تبصرے اور میڈیا کے ذریعے پاکستانی عوام کوریاست کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی ہے،پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے اور سیکیورٹی ادارے اپنی پیشہ وارانہ زمہ داریاں نبھاتے رہیں گےاور پاک فوج سونپے گئے آپریشن جاری رکھیں گے۔

https://img.express.pk/media/images/q/q.webp

https://img.express.pk/media/images/q6/q6.webp

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے الطاف حسین کےبیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم ایک سیاسی جماعت ہے اس کی قیادت کو سیاست کی زبان بولنی چاہئے، متحدہ کی قیادت کو پاکستان کے دشمنوں کی زبان نہیں بولنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے جو زبان استعمال کی وہ کسی پاکستان کی نہیں ہوسکتی انہوں نے پاکستان کی محبت میں سندھ و پنجاب میں ہجرت کرکے آنے والوں کی یاد کو نہ صرف شرمسار کیا بلکہ تمام مہاجروں کے سر بھی شرم سے جھکادیئے ہیں۔

 

https://img.express.pk/media/images/q2/q2.webp



وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاک فوج سے متعلق الطاف حسین کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے متحدہ کے قائد سے قوم سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین نے بھارت کی خفیہ ایجنسی'' را'' سے مدد کی درخواست کرکے نہ صرف کروڑوں پاکستانیوں کے جذبات مجروح کیے ہیں بلکہ ان کا بیان قومی مقاصد سے غداری کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج میدان جنگ میں لازوال قربانیاں دے رہی ہے اور ایم کیو ایم کے عہدیداروں اور کارکنوں پر قومی ،آئینی اور اخلاقی فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ الطاف حسین کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کریں۔

https://img.express.pk/media/images/q4/q4.webp

https://img.express.pk/media/images/q1/q1.webp

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ادارے سیاست نہیں کررہے ہیں لہٰذا ان پر بلا جواز تنقید مجرموں کی پشت پناہی کے مترادف ہے، کراچی کو منظم جرائم پیشہ افراد سے آزاد کرانے پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سکیورٹی ادارے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں جب کہ انہیں جمہوری قوتوں اور میڈیا کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے سیاست نہیں کررہے، سکیورٹی ادارے صرف مجرموں کو پکڑ رہے ہیں لہٰذا اداروں پر بلا جواز تنقید بھی مجرموں کی پشت پناہی کے مترادف ہے، جرائم پیشہ گروہوں کا سیاسی تحفظ ان کی حمایت کے سوا کچھ نہیں ہے،گرفتار ملزمان کے مقدمات کا فیصلہ آزاد عدلیہ نے کرنا ہے جب کہ ملزمان کو بے گناہی ثابت کرنے کا بھی موقع ملے گا۔

https://img.express.pk/media/images/q3/q3.webp

https://img.express.pk/media/images/q5/q5.webp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الطاف حسین کے بیان پر وزیراعظم کی خاموشی کو قابل افسوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کے قائد نے اپنے پیروکاروں کو اسلحہ اٹھانے اور تشدد کے لیے اکسایا، اپنے ملک میں بد امنی ہے اور وزیراعظم کو دیگر ممالک کی سکیورٹی کی فکر ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں تمام مسلح گروپوں کو غیر مسلح کرنے پر اتفاق کیا گیا لیکن ایم کیوایم کے عسکری ونگز کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی،برطانوی شہری کا پاک فوج پر حملہ ناقابل برداشت ہے اور لندن سے ریاست کے خلاف تقاریر پیمرا قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی راؤ انوار کے ایم کیوایم سے متعلق انکشافات پر ایکشن کیوں نہیں لیا گیا، راؤ انوار کے بیان سے سندھ حکومت کا لاتعلقی کا اظہار انتہائی بزدلی ہے جب کہ پریس کانفرنس کے اگلے ہی روز ڈی ایس پی کے قتل پر حکومتی خاموشی بھی مجرمانہ عمل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں