ایف بی آر نے گزشتہ ماہ کے آخری روز 40ارب کی ریکارڈ وصولیاں کی ہیں

یکم جولائی سے 29اپریل تک مجموعی طور پر 1975ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئیں


Irshad Ansari May 02, 2015
یکم جولائی سے 29اپریل تک مجموعی طور پر 1975ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئیں ۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رواں مالی سال 2014-15 کے پہلے دس ماہ(جولائی تا اپریل) کے دوران مجموعی طور پر 1975ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں جبکہ ایف بی آر کی جانب سے گزشتہ ماہ (اپریل)کے آخری روزچالیس ارب روپے سے بھی زیادہ کی ریکارڈ وصولیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے 30 اپریل کو جاری کردہ 29 اپریل کی شام تک کے دستیاب ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 29 اپریل کی شام تک ایف بی آر نے مجموعی طور پر 1933.89 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں لیکن جمعرات کی رات جب ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ تیس اپریل کی رات تک کے ٹیکس وصولیوں کے اعدادوشمار اگلے چند روز میں سامنے آئیں گے ۔

تاہم اب تک ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران ایف بی آرکی جانب سے 1975ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی ہیں جو کہ 29 اپریل کی شام تک ایف بی آر کی طرف سے کی جانے والی مجموعی طور پر 1933.89 ارب روپے کی وصولیوں سے 41 ارب روپے زیادہ ہیں جبکہ ایف بی آر کو رواں مالی سال 2014-15 کے لیے2691ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا نظر ثانی شُدہ ہدف حاصل کرنے کے لیے اگلے دو ماہ میں716 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کرنا ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ(جولائی تا اپریل)کے دوران کی جانے والی مجموعی طور پر 1975 ارب روپے کی وصولیاں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں13.1فیصد زیادہ ہیں تاہم مقرر ہدف سے کم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے مقرر کردہ 2691ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا نظر ثانی شُدہ ہدف حاصل نہیں کیا جاسکے گا تاہم ایف بی آر کی کوشش ہے کہ ٹیکس وصولیاں چھبیس سو ارب روپے سے زیادہ رہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعدادوشمار کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی طرف سے رواں ماہ (اپریل) میں اب تک مجموعی طور پر 200ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں ہونے والی ٹیکس وصولیوں میں سے براہ راست ٹیکس (انکم ٹیکس)کی مد میں763.95 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں مجموعی طور پر 849.23ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں اب تک مجموعی طور پر118.49ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں جبکہ ایف بی آر نے کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 237.22 ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔