بھارتی اولمپک باڈی میں اقتدار کی جنگ شدید ہوگئی

آئی او سی چیف کی تنبیہ نظرانداز،ہاکی انڈیا نے راما چندرن کیخلاف محاذ کھول لیا

آئی او سی چیف کی تنبیہ نظرانداز،ہاکی انڈیا نے راما چندرن کیخلاف محاذ کھول لیا فوٹو؛ فائل

آئی او سی چیف کی اپیل کے باوجود انڈین اولمپک ایسوسی ایشن میں اقتدار کی جنگ میں شدت آگئی، انڈین اولمپک باڈی کے چیف نارائن سوامی راماچندرن کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کیلیے ہاکی انڈیا کے سربراہ نے گذشتہ روزخصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا، تھامس باخ نے گذشتہ دنوں آئی او اے کو باہمی اختلافات ختم کرکے ملک میں کھیلوں کی بہتری کیلیے کام کرنے کا کہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق آئی او سی سربراہ تھامس باخ کے باڈی کو متحد رہنے کی ہدایت کے چند روز بعد ہی ٹکڑوں میں تقسیم اولمپک ایسوسی ایشن کو اختیارات کی جنگ کا سامنا ہے، اس سے مستقبل کے گیمز میں کارکردگی متاثرہو سکتی ہے، صدر ہاکی انڈیا نریندر بٹرا نے آئی او اے چیف نارائن سوامی راما چندرن کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کیلیے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے، عہدیداروں کو لکھے گئے ایک خط میں بٹرا نے دعویٰ کیاکہ ممبران کی بڑی تعداد راما چندرن کے طریقوں سے اختلاف کرتی ہے۔


ارکان محسوس کرتے ہیں کہ راما چندرن آئی او اے کو کمزور اور ختم کرنا چاہتے ہیں، انھوں نے دھمکی دی کہ اگر ایک ماہ کے اندر صدر کے مستقبل پر بات چیت کیلیے خصوصی اجلاس نہیں بلایا گیا تو وہ ناراض حمایتیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی حمایت رکھنے والے راما چندرن کو اگر عہدے سے ہٹانے اور ان کی جگہ کسی بدنام آفیشل کو لانے کی کوشش ہوئی تو اس سے آرگنائزیشن برہم ہوسکتی ہے۔

کرپشن میں ملوث آفیشلز کے ایگزیکٹیو پوزیشنز پر انتخاب اور 2 برس قبل کامن ویلتھ گیمزمیں بدنظمی پر آئی او سی نے دسمبر2012 میں آئی او اے کو 14 ماہ تک معطل رکھا تھا، ورلڈ اسکواش فیڈریشن چیف راما چندرن کی قیادت میں نئے عہدیداروں کا انتخاب ہوا توپھر گذشتہ برس فروری میں سوچی ونٹر اولمپکس کے دوران معطلی واپس لے لی گئی تھی، اگر آئی او سی کو آئی او اے کے افسران پر اطمینان نہیں ہوا تو وہ دوبارہ پابندی لگاسکتی ہے۔ گذشتہ دنوں باخ نے بھارت میں کھیلوں کی بہتری کیلیے آئی او اے کو انتشارختم کرنے اوریکجا ہوکرکام کرنے کا کہا تھا۔

وزیر اعظم نریندرا مودی کے ساتھ بات چیت کیلیے 2 روزہ دورے پرآنے والے آئی او سی چیف کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس معطلی ختم ہونے کے بعد بھارتی اسپورٹس کے روشن مستقبل کیلیے بات چیت کا یہ اہم موقع ہے، متنازع ورلڈ کرکٹ باس سری نواسن کے چھوٹے بھائی راما چندرن نے فوری طور پربٹراکی بغاوت کا کوئی جواب نہیں دیا تھا،یاد رہے کہ بھارت نے 2024 اولمپکس کی بڈ دینے سے بھی انکارکردیا ہے۔
Load Next Story