چار ملکی ہاکی میں پاکستان کا مایوس کن آغاز آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست

پاکستانی ٹیم نے پورے میچ کے دوران کوئی ایک بھی بھر پور موومنٹ نہیں بنائی


Sports Reporter May 02, 2015
چار ملکی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو بھارتی مارجن سے شکست دے دی، دوٹوفائل

ISLAMABAD: چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کو اپنے افتتاحی میچ میں ہی آسٹریلیا کے ہاتھوں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا اور کینگروز نے انہیں بآسانی 0-6 سےزیر کرلیا۔

تسمانیہ ہاکی سینٹر ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے میچ کے آغاز سے ہی میزبان آسٹریلیا نے پاکستانی گول پوسٹ پر حملے شروع کردیئے اور کھیل کے چوتھے منٹ میں ہی جیک ویٹن کی مدد سے ہی پہلا گول داغ دیا اور صرف 7 منٹ بعد ہی فلائن اوگیلوی نے آسٹریلیا کی برتری 2 گول کی کردی۔ کھیل کے تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں تو میزبان نے گرین شرٹس پر گول کی بارش کردی اور کھیل کے اختتام پر یہ برتری 0-6 تک پہنچ گئی جب کہ پاکستان کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔

ایک اور میچ میں آسٹریلیا اے نے جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے دی جواگلے میچ میں پاکستان کے مدمقابل ہوگی جب کہ اس ٹورنا منٹ کی چوتھی ٹیم نیوزی لینڈ ہے۔

یاد رہے کہ ایشین گیمز اور چیمپئنز ٹرافی میں سلور میڈل حاصل کرنے کے باوجود پاکستان کو اولمپک کوالیفائنگ رائونڈر 2016 کے چیلنج کا سامنا ہے، رواں برس بیلجیئم میں شیڈول میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلیے مالی مشکلات کی شکارپی ایچ ایف نے حکومت پنجاب کی مدد سے گرین شرٹس کو آسٹریلیا بجھوایا ہے۔ گذشتہ روز کھلاڑیوں نے مضبوط اسکواڈ کیخلاف فتح کو یقینی بنانے کے بھرپورٹریننگ کی تھی اور ٹیم انتظامیہ نے بھی ان کی مختلف انداز میں رہنمائی کی تھی، بعد ازاں مینجمنٹ کی طرف سے کھلاڑیوں کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا تھا،اس میں کوچز نے ابتدائی میچ کے بارے میں حکمت عملی ترتیب دی، پلیئرز کو وڈیوز کے ذریعے حریف ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔لیکن کچھ بھی کام نہ آیا اور گرین شرٹس ایک بھی گول نہ کرسکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں