صدی کی بہترین فائٹ پاکیو اور مے ویدر مکے برسانے کیلیے تیار

امریکی باکسر کاابتدا ہی سے حریف کیخلاف جارحانہ انداز اپنانے کا اعلان،ایشین اسٹارپُرسکون رہنے کے خواہشمند


AFP May 02, 2015
امریکی باکسر کاابتدا ہی سے حریف کیخلاف جارحانہ انداز اپنانے کا اعلان،ایشین اسٹارپُرسکون رہنے کے خواہشمند ۔ فوٹو : اے ایف پی

صدی کی بہترین فائٹ ہفتے کی شب فلپائنی ہیرو مینی پاکیو اور ناقابل شکست امریکی باکسر فلوئیڈ مے ویدر جونیئر کے درمیان ہوگی، مے ویدر نے دعویٰ کیاکہ وہ آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپناکر حریف کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے۔

38 سالہ باکسر نے اپنے ناقابل شکست رہنے کے ریکارڈ کو داؤ پر لگا دیا ہے، عمومی طور پر وہ کسی بھی فائٹ میں چند راؤنڈز حریف کے گیم پلان کو سمجھنے میں گزار دیتے ہیں، البتہ پاکیو سے تاریخ کے مہنگے ترین مقابلے میں مے ویدر نے اپنی حکمت عملی بدلنے کا عندیہ دے دیا، انھوں نے کہاکہ میں اس فائٹ میں انتہائی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ابتدا ہی میں ایشین حریف پر حملہ آور ہوجاؤں گا۔

انھوں نے مزید کہاکہ میں اس مقابلے میں ناک آؤٹ فتح حاصل کرنا چاہوں گا، ساتھ مجھے اس بات کا بھی پورا یقین ہے کہ پاکیو بھی بھرپور تیاری کے ساتھ رنگ میں اترے گا۔ مے ویدر نے باکسنگ میں اب تک اپنی اجارہ داری قائم رہنے کی وجہ شاندار دفاعی کھیل اور کاؤنٹر پنجنگ صلاحیتوں کو قرار دیا، دوسری جانب مینی پاکیو کے ٹرینر فریڈی راؤچ نے کہا کہ ہمارے کیمپ نے مے ویدر سے فائٹ کو اعصاب پر سوار نہیں کیا، ہم پاکیو کو پُرسکون رکھنا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔