قطر میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان آج سے امن مذاکرات شروع ہوں گے

طالبان سے بات چیت میں پاکستان کے علاوہ کچھ دیگر اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، نائب سربراہ افغان امن کونسل


ویب ڈیسک May 02, 2015
امن کانفرنس میں طالبان کا 8 رکنی وفد شرکت کرے گا،افغان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد فوٹو: فائل

افغانستان میں قیام امن کے لئے قطر میں آج سے حکومت اور طالبان کے درمیان باضابطہ مذاکرات شروع ہوں گے ۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر میں اتوار سے دو روزہ علاقائی کانفرنس شروع ہورہی ہے، امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی بین الاقوامی تنظیم پگواش کونسل کی جانب سے منعقدہ اس علاقائی کانفرنس میں افغان حکام اور طالبان کے درمیان افغانستان میں امن قائم کرنے کے لئے تفصیلی بات ہوگی۔ جس میں افغان حکومت اور طالبان کے علاوہ پاکستان کے خصوصی نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

افغانستان میں امن کے لئے ہونے والے ان مذاکرات میں 20 رکنی افغان حکومتی وفد قطر پہنچ گیا ہے۔ اس کے علاوہ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کانفرنس میں طالبان کا 8 رکنی وفد شرکت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں شرکت کرنے کا مطلب امن کے حوالے سے بات چیت یا مذاکرات ہرگز نہیں۔

دوسری جانب افغان امن کونسل کے نائب سربراہ عطا اللہ لودین نے غیرملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ لودین کے مطابق اس کانفرنس میں افغانستان، پاکستان، طالبان اور کچھ دیگر افراد شامل ہوں گے اور اس کانفرنس میں افغانستان میں قیام امن کے مسئلے پر گفتگو ہو گی۔ انہوںنے کہا ہے کہ افغان امن کونسل کے ارکان قطر میں گلبدین حکمت یار کی قیادت میں حزب اسلامی پارٹی کے دو نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مصالحت کے لیے کئی مرتبہ کوششیں کی جاچکی ہیں۔ اس سلسلے میں 2013 میں امریکا کی رضامندی سے قطر میں افغان طالبان کا دفتر بھی قائم کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں