شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی میں فضائی کارروائیوں میں 44 دہشت گرد ہلاک آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل اورخیبر ایجنسی کی وادی تیرہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا

دتہ خیل میں مارے جانے والے دہشت گردوں میں زیادہ تر غیر ملکی شامل ہیں، آئی ایس پی آر، فوٹو: فائل

شمالی وزیرستان اورخیبرایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں غیرملکیوں سمیت مزید 44 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تحصیل دتہ خیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے دوران 16 دہشت گرد مارے گئے جن میں زیادہ تر غیرملکی تھے جبکہ تیراہ میں 28 شدت پسند ہلاک کیے گئے۔



جمرود سے نمائندے کے مطابق پاک فضائیہ کے طیاروں نے ہفتے کی علی الصبح تیراہ کوکی خیل کے مختلف علاقوں راجگال، کندوغریبی اور کچکول میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اس دوران 7 شدت پسند زخمی بھی ہوئے جبکہ ان کے 4 ٹھکانے اور اسلحے کا ایک ڈپو تباہ کردیاگیا۔ تیراہ میں ہی شہید ہونے والے پاک فوج کے ایک اور کیپٹن اجمل کو چترال میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر سوات کے مطابق نماز جنازہ میں جی او سی سوات میجر جنرل نادر خان، فوجی افسران اور علاقہ عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔




دوسری جانب وادی تیراہ میں شہید ہونے والے کیپٹن قاسم کی نماز جنازہ ریس کورس گراؤنڈراولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اورنیول چیف ایڈمرل ذکااللہ سمیت اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی جب کہ نماز جنازہ کے بعد شہید کو فوجی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2ou6vq_army-chief_news

جنرل راحیل شریف نے قبر پرپھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پرانہوں نے شہید کیپٹن قاسم کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور پاک فوج کے جوانوں اور افسران کی قربانیاں رائیگاں جانے نہیں دی جائیں گی۔ شہید کپٹن قاسم کے والد نے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے نے اپنے ملک کی حفاظت کے لئے جان دے کر ان کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x2ouo54_ispr_news
Load Next Story